خیبر پختونخوا کے وزیر برائے محکمہ بلدیات،دیہی ترقی و الیکشن ارشد ایوب خان کے زیر صدارت بدھ کو بلدیات کمیٹی روم میں لوکل کونسل بورڈ کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں لوکل کونسل بورڈ کے انتظامی،مالیاتی اور دیگر مسائل اور چیلنجز پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔اجلاس میں سیکرٹری بلدیات داؤد خان،سپیشل سیکرٹری محمد آصف خان،سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ سلیم خان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔لوکل کونسل بورڈ کے حکام نے صوبائی وزیر کو محکمہ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور مسائل سے آگاہ کیا۔اس موقع پر حکام نے صوبہ میں قائم تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کے مالی مسائل، مختلف ٹی ایم ایز کی آمدنی بڑھانے،تنخواہوں،ٹیکس نیٹ،لوکل گورنمنٹ ایکٹ اور انکی کارگردگی کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر ارشد ایوب خان نے کہا کہ عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے اور مالی طور کمزور ٹی ایم اوز کا ازسرنو جائزہ لیں گے اور اس سلسلے میں انکی مالیاتی کارگردگی کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات اٹھائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹی ایم ایز کی ٹرانسفر پوسٹنگ انکی کارگردگی سے مشروط ہوگی اور اس حوالے سے ایک ڈیجیٹل ٹرانسفر نظام لائیں گے۔ارشد ایوب خان نے ضم اضلاع سمیت دیگر اضلاع کی مالی طور کمزور ٹی ایم ایز کا اجلاس اگلے ہفتے بلانے کا فیصلہ کیا اور محکمہ کے حکام سے اس حوالے تجاویز اور سفارشات بھی طلب کی گئیں۔صوبائی وزیر نے حکام سے مخاطب ہوکر کہا کہ سروس ڈیلیوری میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے، عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔