خیبر پختونخواکے وزیر محنت فضل شکور خان نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ محنت کشوں کی فلاح و بہبود کے لئے دورس اقدامات اٹھائیں اور جہاں کہیں مسائل درپیش ہوں ان کو فوری نوٹس میں لایا جائے تاکہ بروقت حل کیئے جاسکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز محکمہ محنت کے بارے بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری لیبر، ایڈیشنل سیکرٹری لیبر، ڈائریکٹر لیبر اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی،اس موقع پر صوبائی وزیر کو محکمہ کے منصوبوں، کارکردگی، اہداف اور اب تک کی کامیابیوں کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا، صوبائی وزیر نے بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ صوبے میں انڈسٹریل اور سوشل سیکٹر میں کام کرنے والے مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے بہتر سے بہتر اقدامات اٹھائے جائیں،انہوں نے کہا کہ محنت کشوں کے بال بچوں کے تحفظ اور انہیں پوری اجرت کی فراہمی کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے اور ان کی محنت کے اوقات آٹھ گھنٹے سے متجاوز نہ ہوں، صوبائی وزیر نے ضم اضلاع میں صنعتوں کے فروغ کو بندوبستی اضلاع کی طرز پر انڈسٹری ورکرز کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور اقدامات اٹھانے کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ صنعتی مالکان اور مزدور دلجمعی سے صوبے کی تیز تر ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں، صوبائی وزیر نے پنجاب کی طرز پر انڈسٹری مالکان اور مزدوروں کے لیے سہولیات دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔