خیبرپختونخوا کے وزیر برائے ریونیو و اسٹیٹ نذیر احمد عباسی اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اکرام اللہ خان کے زیر صدارت بورڈ آف ریونیو کا تعارفی اجلاس بورڈ آف ریونیو کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا، اجلاس میں بورڈ آف ریونیو کے ممبران، سیکرٹریز اور مختلف پراجیکٹس کے ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں بورڈز کے ممبران و افسران کا صوبائی وزیر نذیر احمد عباسی سے تعارف کرایا گیا۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اکرام اللہ خان نے صوبائی وزیر ریونیو اینڈ اسٹیٹ کو خوش آمدید کہا اور بورڈ آف ریونیو کے تنظیمی ڈھانچے، بورڈ کے قیام کے پس منظر اور افعال پر تفصیلی پر روشنی ڈالی۔ نیز ریونیو کورٹس میں زیر سماعت کیسز سے آگاہ کیا۔لینڈ ریکارڈ ڈیجیٹلائزیشن پراجیکٹ کے حوالے سے بتایا گیا کہ اس کا فیز ون جون تک مکمل ہو جائے گا۔اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر ریونیو اینڈ اسٹیٹ نذیر احمد عباسی نے کہا کہ ہم نے ملکر کام کرنا ہے۔ مختلف سروسز کو آن لائن کرنے کیلئے اقدامات کرینگے تاکہ عوام کو انکے گھر کی دہلیز پر سہولت میسر ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب کو اللہ تعالیٰ نے خدمت کا موقع دیا ہے۔ عوام کی بھرپور خدمت کرکے خوشی ہوگی۔ بریفینگ کے دوران سروس ڈیلیوری سنٹر، ضم اضلاع میں لینڈ ریکارڈ ڈیجیٹلائزیشن، ای سٹامپ، مالی سال 2023-24 کیلئے مختص بجٹ و اخراجات، گڈ گورننس کے لئے اقدامات و اصلاحات اور بورڈ آف ریونیو کو درپیش چیلنجز و مشکلات سے آگاہ کیا گیا۔ صوبائی وزیر ریونیو اینڈ اسٹیٹ نذیر احمد عباسی نے ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا۔