وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر کھیل: ارباب نیاز سٹیڈیم کی بہتری کے تعمیراتی کام کو تیز کرنے کی ہدایت

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان نے ہدایت کی ہے کہ ارباب نیاز سٹیڈیم پشاور کی بہتری کے تعمیراتی منصوبے کا کام ہنگامی بنیادوں پر تیز کیا جائے تاکہ سال رواں یہ اہم منصوبہ ہر حالت میں پایہ تکمیل تک پہنچ سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز پشاور میں ”فیزیبلٹی اینڈ امپروومنٹ آف ارباب نیاز سٹیڈیم پشاور” کے ترقیاتی منصوبے کے تعمیراتی کام کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس عبدالناصر خان،چیف پلاننگ آفیسر سپورٹس حامد نوید، محکمہ مواصلات و تعمیرات کے چیف میگا پراجیکٹس اعجاز خان،سپرنٹنڈنگ انجینئر قدرت اللہ مروت،ایکسین ریاض بنگش اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں مشیر کھیل کو مذکورہ منصوبے پر کام کی رفتار اور اس سلسلے میں حائل روکاوٹوں کے حوالے سے بریف کیا گیا۔اس موقع پر مشیر کھیل نے ہدایت کی کہ صوبے کے اس اہم کھیل کے میدان کا تعمیراتی کام تیز کیا جائے اور اس سال جون تک اس کا سول ورک ہر حالت میں مکمل کیا جائے۔انھوں نے کہا کہ یہ گرانڈ صوبے میں عالمی کرکٹ کی بحالی کیلئے ایک اہم منصوبہ ہے اور ہماری کوشش ہے کہ ہم اس کو جلد از جلد انٹرنیشنل کرکٹ اور دیگر لیگ میچز کیلئے تیار کریں۔ اس حوالے سے محکمہ واپڈا سے بجلی کے سلسلے میں جڑے مسائل کے حل کیلئے اگلے اجلاس میں انھوں نے واپڈا کے متعلقہ حکام کو بھی طلب کرنے کی ہدایت کی۔

مزید پڑھیں