وزیر صحت سید قاسم علی شاہ، وزیر برآئے آبپاشی عاقب اللہ اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے صوابی کے صحت سے متعلق زیر تعمیر منصوبوں کا اچانک دورہ کیا۔ اس دوران ان کے ہمراہ سپیشل سیکرٹری ہیلتھ حبیب اللہ، چیف پلاننگ آفیسر قیصر عالم، ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر شوکت علی ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ ڈاکٹر ارشاد روغانی و سی این ڈبلیو اہلکار بھی موجود تھے۔ وزرا نے صوابی پہنچتے ہی صوابی میں ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال کی زیر تعمیر بلڈنگ کا اچانک دورہ کیا۔ وزرا ء کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر شوکت علی نے بتایا کہ منصوبے پر 3.8 ارب روپے کی لاگت آئے گی جس کیلئے امسال 236 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔ بریفنگ میں وزرا کو بتایا گیا کہ یہ ہسپتال 260 بستروں پر مشتمل ہے جس کیلئے 46 کنال کی برلب سڑک کی اراضی مختص کی گئی ہے۔ ہسپتال کا 55% تعمیری کام مکمل ہوگیا ہے۔ فنڈز کی دستیابی پر جون 2025 تک ہسپتال کی تعمیر مکمل ہوجائیگی۔
وزیر صحت سید قاسم علی شاہ، وزیر برائے ایریگیشن عاقب اللہ و سابق سپیکر قومی اسمبلی نے ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال صوابی کا بھی دورہ کیاجہاں ایم ایس نور عالم نے ڈی ایچ کیو بارے وزرا ء کو خوش آمدید کہا۔ ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر شوکت علی نے وزراء کو بتایا کہ ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال کی منہدم عمارت کو گراکر نیا ہسپتال بنایا جارہا ہے۔ ڈی ایچ کیو میں صرف لفٹس کا کام رہتا ہے۔ وزرا نے ہسپتال کیلئے بجلی کی ایکسپریس لائن کا مسئلہ جلد سے جلد حل کرنے کی ہدایات کیں۔ وزراء نے اس موقع پر نو تعمیر شدہ ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔ ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر شوکت علی نے ہسپتال سے متعلق وزراء کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کا رقبہ چھ کنال پر محیط ہے اور اس منصوبے کی لاگت 94 کروڑ 46 لاکھ ہے جبکہ منصوبے کی تکمیل کیلئے اب تک 86 فیصد رقم مختص کی جاچکی ہے اور منصوبے پر تعمیراتی کام کا 93 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔ وزراء نے 30 اپریل سے پہلے پہلے ہسپتال انتظامیہ کے حوالے کرنے کی ہدایت کی۔