وزیر اعلیٰ کی رہنمائی میں پشاور کے عوامی مسائل پر ملاقات، عوامی خدمات اور شہری ترقی کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور سے پشاور سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں ملاقات کی اور صوبائی دارالحکومت پشاور کے عوامی مسائل کے حل سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ان مسائل میں صحت، امن وامان، ٹریفک کے مسائل، انفراسٹرکچر کی بہتری، پینے کا پانی، سیوریج اور دیگر مسائل شامل تھے ۔ ملاقات کرنے والوں میں ارباب شیر علی، شاندانہ گلزار، مینا خان آفریدی ،محمد آصف، فضل الہی، ارباب عاصم، کامران بنگش، محمود جان اور دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے پشاور کو صوبے کے تمام لوگوں کا شہر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پشاور ہم سب کا شہر ہے اور اس شہر کی تعمیر و ترقی اور عوامی مسائل کا حل موجودہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے جس کے لئے ایک جامع منصوبہ بندی اور حکمت عملی کے تحت ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ وزیر اعلی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پشاور کو دوبارہ پھولوں کا شہر بنایا جائے گا، پشاور کی اسٹریٹ لائٹس کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا جبکہ صوبائی حکومت شہر میں ٹریفک کے رش کو کم کرنے کے لئے مقامی ٹرین چلانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے اور بی او ٹی (بلٹ آپریٹ اور ٹرانسفر)ماڈل پر ٹرین چلانے کے لئے نجی کمپنی سے بات چیت جاری ہے۔ پشاور میں نکاسی آب کے مسئلے کو ایک سنجیدہ اور توجہ طلب مسئلہ قرار دیتے ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ اس مسئلے کے مستقل بنیادوں پر حل کے لیے نکاسی کے نظام کو انڈر گراؤنڈ کیا جائے گا۔ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ عوامی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لئے صوبائی حکومت کے تمام خودمختار اداروں میں میرٹ کی بنیاد پر محنتی اور پروفیشنل لوگ تعینات کئے جائیں گے جبکہ بلدیاتی حکومتوں کو خود مختار اور مستحکم بنایا جائے گا تاکہ لوگوں کے مسائل مقامی سطح پر حل ہوسکیں۔

مزید پڑھیں