خیبر پختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی نے کہا ہے کہ چینی یونیورسٹیوں کی جانب سے پاکستان باالخصوص خیبر پختونخوا کے طلباء و طالبات کے لئے سکالرشپس کا اجراء لائق ستائش ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ تعلیم کے میدان میں چینی حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں تاکہ ہمارے طلباء اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے ملک و قوم کی خدمت کریں ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اپنے دورے کے موقع پر صوبائی وزیر نے چائنہ ونڈو کی مختلف گیلریاں دیکھیں، فرینڈ شپ وال پر دست خط اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے میڈیا سے بات چیت میں صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی مثالی ہے اور اسے مزید مستحکم کرنے کے لئے ہمیں ٹیکنالوجی کی ٹرانسفارمیشن کی جانب بڑھنا ہو گااور انہیں یقین ہے کہ سی پیک منصوبہ جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی کے حوالے سے بھی ایک اہم منصوبہ شمار کیا جائے گا۔ انہوں نے پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز کو پاک چین دوستی کا شاندار مرکز قرار دیتے ہوئے یقین ظاہر کیا کہ پشاور سے اہل چین کو دوستی کا پیغام بھیجنا لائق ستائش جبکہ چائنہ ونڈو میں چینی زبان سکھانے کا پروگرام بھی لائق تحسین ہے۔ انہوں نے صوبائی حکومت کی جانب سے یقین دلایا کہ پاک چین تعلقات خاص طور پر عوامی سطح پر رابطوں کے لئے بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا۔مینا خان آفریدی نے مزید کہا کہ ان کی حکومت صوبے میں قائم یونیورسٹیوں کی مالی حالت بہتر بنانے کے لئے مختلف اقدمات لینے کا ارادہ رکھتی ہے اور اس سلسلہ میں چینی ماڈل کو بھی پیش نظر رکھا جائے گا۔ قبل ازیں صوبائی وزیر کو چائنہ ونڈو کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ چینی ادارے صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر تعلیم کے فروغ میں تعمیری کردار ادا کرنے لئے پرجوش ہیں۔