وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی ملک لیاقت علی خان کی زیرصدارت محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے حوالے سے ایک اہم اجلاس سول سیکریٹریٹ پشاورمیں منعقد ہوا جس میں علیم الحق اسسٹنٹ ڈائریکٹر،ایمل خان اے ڈی ای او (پی اینڈ ڈی) دیر لوئر، ہدایت اللہ اے ڈی ای او (پی اینڈ ڈی) دیر لوئر،محبوب خان ڈی ای او میل دیر لوئر،نغمانہ سردار ایڈیشنل ڈائریکٹر فی میل، مہر النساء ڈی ای او فی میل دیر لوئر،محمد عثمان اے ڈی ای او فی میل ودیگر حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں تعلیم سے متعلق مختلف امور پرگفتگو کی گئی۔اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ملک لیاقت علی خان نے یہ واضح کیا کہ عوام کوبہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں ہے۔ اجلاس میں گورنمنٹ ہائی سکول جاؤزو اور میرا کئی دیر لوئر کے اساتذہ کو 24 گھنٹے کے اندر اندر حاضر کئے جا نے کا بھی فیصلہ کیا گیااور جہاں 17 سکولوں میں اساتذہ کی کمی ہے وہاں فوری طور پر اساتذہ تعینات کئے جانے اور جن سکولوں میں اساتذہ کی آسامیاں خالی ہیں ان پر بھرتی کے لیے بھی جلد از جلد لائحہ عمل تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔