افسران صوبے میں کھیلوں کے فروغ اور محکمہ کی ترقی کیلئے اپنی توانائیاں صرف کریں۔ مشیر کھیل

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان نے محکمہ کھیل کے اضلاعی افسران کو محکمانہ کارکردگی میں بہتری لانے کیلئے نوتعینات افسران کو خصوصی اہداف اور ٹاسک سونپ کر انھیں ہدایت کہ ہے کہ محکمہ کے افسران اپنی متعین ذمہ داریوں پر عمل پیرا ہوکر کھیل کے شعبے کو آگے لے آئیں۔یہ ہدایات انھوں نے نوتعینات ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسرز کے تعارفی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔اجلاس میں سیکرٹری کھیل اور امور نوجوانان مطیع اللہ،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس عبدالناصر بھی موجود تھے۔ مشیر کھیل نے محکمہ کے افسران کو نئی ذمہ داریاں سونپنے پر مبارکباد دی اور انھیں ہدایت کی کہ وہ صوبے میں کھیلوں کے فروغ اور صحت مندانہ سرگرمیوں کی ترقی کیلئے اپنے اوپر عائد ذمہ داریاں بطریق احسن سرانجام دیں۔انھوں نے کہا کہ ایک تندرست اور توانا معاشرے کی تشکیل کیلئے یہ امر انتہائی ضروری ہوتا ہے کہ اس معاشرے میں کھیلوں جیسی سرگرمیوں کو اہمیت دی جارہی ہو اور اس مقصد کے حصول کیلئے ہم پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم یہاں پر کھیل کے شعبے کو تقویت دیں۔انھوں نے کہا کہ حکومت اس قومی مقصد کیلئے حکومتی سطح پر ہر لحاظ سے کوششیں کررہی ہے اور اس مشترکہ مقصد کو حاصل کرنے میں ہمارے افسران کاایک کلیدی کردار ہے لہذا ہم توقع کرتے ہیں کہ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسرز اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر صوبہ بھر میں محکمہ کے وقار و تکریم کو مزید بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے اور محکمہ کے کردار کو فعال انداز میں آگے لے آئیں گے۔انھوں نے اس موقع پر افسران کو محکمہ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے خصوصی ٹاسک اور اہداف دیتے ہوئے انھیں واضح انداز میں اپنی مثبت کارکردگی ظاہر کرنے کی ہدایت کی۔دریں اثناں مشیر کھیل نے یکم مئی یوم مزدور کی مناسبت سے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد قوموں کی ترقی میں محنت کش طبقے کے کلیدی کردار کو اجاگر کرنا اور انکو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔انھوں نے کہا کہ دنیا کے کونے کونے میں جہاں بھی ترقی آئی ہے تو اس میں محنت کشوں کے کردار سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔انھوں نے مزید کہا کہ ہماری قومی ترقی میں محنت کش طبقے کا خون پسینہ شامل ہے اور وہ ملک کے اندر اور دیار غیر میں اپنے وطن اور صوبے کے محنت کشوں کی عظمت کوسلام پیش کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں