وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی رہنمائی میں پولیو اور سائیٹ بورڈ کے اعلی سطح وفد کی ملاقات۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور سے ڈاکٹر کرسٹوفر الیئیس کی سربراہی میں پولیو اورسائیٹ بورڈ کے اعلی سطح وفد نے گزشتہ روز وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ عالمی ادارہ صحت اور یونیسف سمیت دیگر عالمی شراکت دار اداروں کے نمائندے وفد میں شامل تھے جبکہ صوبائی وزیر صحت اور محکمہ صحت کے دیگر حکام کے علاوہ نیشنل ایمرجنسی آپریشن کے حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات میں خیبر پختونخوا سے پولیو وائرس کے خاتمے کے لئے اقدامات، درپیش چیلنجز اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی غوروخوص کیا گیا اور پولیو وائرس کے خاتمے کے لئے مل جل کر مربوط اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سردار علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پولیو وائرس کا خاتمہ مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں، ہماری خواہش اور کوشش ہے کہ صوبے سے پولیو وائرس کے خاتمے کا سہرا موجودہ صوبائی حکومت کے سر سجے۔وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے موجودہ صوبائی حکومت ایک نئے عزم کے ساتھ کام کررہی ہے۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبائی حکومت اس سلسلے میں شراکت دار اداروں کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور مقررہ اہداف کے حصول کے لئے شراکت دار اداروں کو ہر ممکن سپورٹ فراہم کرے گی۔ وزیر اعلی نے مزید واضح کیا کہ پولیو کے خاتمے کے لئے شراکت دار ادارے اگر ایک قدم لیں گے تو صوبائی حکومت تین قدم لے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلانے سے انکاری والدین کو آگہی دینے کی ضرورت ہے، اس مقصد کے لئے مقامی منتخب عوامی نمائندوں، علمائے کرام اور علاقہ عمائدین کی خدمات سے استفادہ کریں گے، منتخب عوامی نمائندے اپنے اپنے علاقوں میں پولیو مہم کا حصہ بنیں گے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ اس حوالے سے صوبے کے حساس علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ تاہم انہوں نے
حساس علاقوں میں مقامی انتظامیہ اور شراکت دار اداروں کی باہمی مشاورت اور کوآرڈینیشن کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس سلسلے میں ہر علاقے کے مخصوص حالات کے مطابق لائحہ عمل دے کر اس پر عملدرآمد کرنے سے بہتر نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔ وزیر اعلی کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی دارالحکومت میں پولیو وائرس کے خاتمے کے لئے دیگر اقدامات کے ساتھ سیوریج نظام کو مکمل طور پر انڈر گراونڈ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں کہا کہ صوبائی حکومت پولیو ویکسینیشن کے ساتھ ساتھ دیگر حفاظتی ٹیکہ جات پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ وفد نے خیبر پختونخوا میں انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے وزیر اعلی کے قائدانہ کردار کو سراہا اور یقین دلایا کہ وہ اس سلسلے میں بھرپور تعاون فراہم کریں گے۔

مزید پڑھیں