وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ کو نصابی سرگرمیوں کیساتھ ساتھ تفریحی مواقع کی فراہمی انتہائی ضروری ہے۔انھوں نے کہا کہ طلبہ میں کھیل اور ہم نصابی سرگرمیوں کا جذبہ ہونا ایک زندہ قوم کی نشانی ہے اور ذہنی نشونما کیلئے بچوں کو کھیلوں کے موقع فراہم کرنے چاہئیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے لاہور گرائمر سکول پشاور میں منعقدہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔مشیر کھیل نے تعلیمی ادارے میں منعقدہ ٹورنامنٹ میں فائنل جیتے والی ٹیم اور رنر آپ ٹیم میں میڈلزاور انعامات تقسیم کئے اور انھیں انکی کامیابی پر حوصلہ افزائی کی۔مشیر کھیل نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ یہ امر انتہائی خوش آئند ہے کہ ہمارے بچوں میں کھیلوں اور دیگر ہم نصابی سرگرمیوں کا جزبہ بدرجہ اتم موجود ہے جو زندہ قوموں کی نشانی ہے۔انھوں نے کہا کہ کھیلوں میں حصہ لینا ذہنی نشونما اور تندرستی کیلئے انتہائی ضروری ہوتا ہے اسلئے ہمارے تعلیمی اداروں میں اس طرح کے مقابلوں کا انعقاد ایک خوش آئند بات ہے۔انھوں نے طلبہ سے کہا کہ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیوں میں شرکت ہی آگے نیشنل اور انٹرنیشنل سطح پر مقام حاصل کرنے کیلئے پہلی سیڑھی ہے لہذا وہ اپنی کوششیں جاری رکھیں، انکا مستقل انتہائی شاندار ہوگا۔انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے میں کھیلوں کے فروغ کو انتہائی اہمیت دیتی ہے تاکہ یہاں ہمارے کھلاڑی آگے آئیں اور صوبے کے نوجوانوں کو تفریحی سرگرمیوں کے موقع میسر آسکیں۔دریں اثنا مشیر کھیل نے لاہور گرائمر سکول کے مختلف حصوں کامعائنہ بھی کیا اور وہاں پر تدریسی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔