خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی عاقب اللہ خان نے کہا ہے کہ ری ماڈلنگ آف ورسک کینال سسٹم کا منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اسے مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لئے تمام تر اقدامات اٹھائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ری ماڈلنگ آف ورسک کینال سسٹم کی کانسٹریکشن فرم کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفدنے بدھ کے روز پشاور میں وزیر آبپاشی عاقب اللہ خان سے ملاقت کی اور مذکورہ منصوبے کی تکمیل کے حوالے سے تبادلہ خیا ل کیا۔ وفد میں پراجیکٹ مینجر رین اور ڈپٹی ٹیم لیڈ وانگ سمیت پروجیکٹ ڈائریکٹر روح الامین اور ڈپٹی ڈائریکٹر پروجیکٹ محمد عامر شامل تھے۔وفد نے صوبائی وزیر سے ری ماڈلنگ آف ورسک کینال سسٹم کے پراجیکٹ میں پیش رفت اور دیگر امور پر تفصیلی گفتگو کی۔عاقب اللہ خان نیاس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ری ماڈلنگ آف ورسک کینال سسٹم پروجیکٹ صوبے میں آبپاشی اور آبنوشی کے حوالے سے نہایت اہم منصوبہ ہے اور اس منصوبے کو بروقت مکمل کرنے کے لئے اقدامات تیز ترکردیئے گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ منصوبے کے لئے بلا تعطل فنڈ کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے مشیر خزانہ، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا اور سیکرٹری خزانہ سے انہوں نے بات کی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پی ایس پی پروجیکٹ ہے جس میں پانچ کلومیٹر طویل ٹنل بھی شامل ہے، جس کے ذریعے 700 کیوسک پانی لے جایا جائے گا اور اس میں سے 300 کیوسک پینے اور 400 کیوسک آبپاشی کے لئے استعمال میں آئے گا انہوں نے کہا کہ ماہ مارچ سے شروع ہونے والا یہ منصوبہ چھ ارب 67 کروڑ روپے کی لاگت سے چار سالوں میں مکمل ہوگا۔