خیبر پختونخوا میں خواتین کے مسائل کا حل اور ترقی کیلئے اقدامات کی منظوری۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی مشیر برائے سماجی بہبود و ترقی نسواں مشال اعظم یوسفزئی نے کہا ہے کہ بہت جلد کے پی کیمشن آن اسٹیٹس آف ویمن کی چیئرپرسن کی تعیناتی کررہے ہیں جس سے کیمشن مزید فعال ہوگا۔ خواتین کو مختلف قسم کی مشکلات و مسائل کا سامنا ہے جس میں صنفی امتیاز، گھریلو تشدد اور کم عمری کی شادی سر فہرست ہیں۔ خواتین پر گھریلو تشدد کی روک تھام کے لئے ہیلپ لائن بنارہے ہیں جو ہفتے کے سات دن اور 24 گھنٹے فعال ہوگی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار 22 ویں بین الصوبائی وزارتی گروپ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بین الصوبائی وزارتی گروپ کے اجلاس میں چیئرپرسن نیشنل کیمشن آن اسٹیٹس آف ویمن نیلوفر بختیار، صوبائی محتسب برائے انسداد ہراسیت رخشندہ ناز، یو این ویمن، چاروں صوبوں کے نمائندگان سمیت محکمہ سوشل ویلفیئر کے اعلی حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں خواتین کو درپیش مسائل اور انکے حل پر بحث ہوئی۔ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے مشیر وزیراعلیٰ مشال اعظم یوسفزئی کا کہنا تھا کہ صوبے میں مشیر ہونا ایک بڑی ذمہ داری ہے۔ میں خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے وکیل ہوں صوبے کی خواتین کے حقوق و ترقی کیلئے سب کچھ کروں گی۔ہم صنفی مساوات پر یقین رکھتے ہیں مگر یہاں خواتین کو وہ مواقعے نہیں فراہم کئے جاتے جو انکو ملنے چاہیے۔میں ایک سیاسی ورکر اور وزیراعلیٰ کی نمائندہ کی حیثیت سے آئی ہوں۔ اپنی بہنوں اوربیٹیوں کو بااختیار بنانے کی کوشش کر وں گی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے خواتین و بچوں کے حوالے سے صوبائی شراکت داروں کا اجلاس منعقد کیا گیا جسمیں مختلف قوانین کی اسمبلی سے منظوری کے لیے ایکشن پلان ترتیب دیا گیا۔ بہت جلد صوبائی اسمبلی سے چائلڈ میرج، گھریلو تشدد، احساس کے حوالے سے قانون سازی کریں گے۔ گھریلو تشدد کے روک تھام کیلئے ہیلپ لائن فار ویمن بنارہے ہیں۔ یو این ویمن خواتین کیلئے بہت کچھ کررہا ہے اور اسکی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔ا سکے تعاون سے خواتین کیلئے مزید اقدامات کریں گے۔ یو این ویمن کی فاٹا میں خواتین کیلئے صحت و تعلیم کے شعبے میں اقدامات کے لئے تعاون درکار ہوگا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن نیشنل کیمشن آن اسٹیٹس آف ویمن نیلوفر بختیار نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور اجلاس میں شرکت پر شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ اجلاس میں متفقہ قرارداد منظور کی گئی جس میں خواتین کی وفاقی و صوبائی کابینہ میں نمائندگی، فیصلہ سازی میں خواتین کی شمولیت، خواتین کے لیے صوبوں میں الگ الگ وزارت کے قیام,سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا میں کیمشن آن اسٹیٹس آف ویمن کے چیئرپرسن کی تعیناتی، صوبائی اسمبلیوں میں پارلیمنٹری ویمن کاکس کا قیام، چائلڈ میرج بل کے فوری اطلاق کا مطالبہ کیا گیا۔مشیر وزیراعلیٰ مشال اعظم یوسفزئی نے کے پی کیمشن آن اسٹیٹس آف ویمن کی چیئرپرسن کی جلد تعیناتی کی یقین دھانی کرتے ہوئے کہا کہ اگر اکھٹے کام کریں گے تو کامیاب ہونگے اگر خواتین کو مواقع دئیے جائیں تو وہ سب کچھ کرسکتے ہیں۔ اجلاس میں مشیر وزیر اعلیٰ مشال اعظم یوسفزئی کو چائلڈ میرج بل کا مجوزہ مسودہ پیش کیا گیا۔

مزید پڑھیں