وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے پشاور میں واقع مراکز صحت کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی اور لوکل قیادت بھی ان کے ہمراہ تھی۔ انہوں نے زیر تعمیر کوہاٹی ہسپتال، پشاور جنرل ہسپتال اور ہشتنگری میں واقع میٹرنٹی سنٹر کا دورہ کیا۔پشاور جنرل ہسپتال پہنچنے پر انتظامیہ نے وزیر صحت کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہسپتال میں دس روپے کی پرچی پر تمام تر سپیشلیٹیز کا علاج اور تشخیص مہیا کیا جاتا ہے۔ انہیں بتایا گیا کہ تکنیکی مشینری سے لیس لیبارٹری میں روزنہ کی بنیاد پر ڈھائی سے تین ہزار ٹیسٹ کئے جاتے ہیں جبکہ بریسٹ کینسر کی سکریننگ بھی ہسپتال میں دستیاب ہے۔ وزیر صحت نے ہسپتال میں دی جانیوالی صحت سہولیات اور صفائی پر عملے اور انتظامیہ کو شاباش دی۔وزیر صحت نے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کے ہمراہ مراکز صحت میں دی جانیوالی تمام سہولیات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر میڈیا اہلکاروں سے گُفتگو کرتے ہوئے وزیر صحت سید قاسم علی شاہ کا کہنا تھا کہ کوہاٹی ہسپتال کو عوام کے لیے بہت جلد کھول دیا جائے گا،ہمارا مقصد عوام کو بہتر صحت سہولیات مہیا کرنا ہے، تمام ہسپتالوں میں ڈاکٹرز، نرسزز ودیگر عملہ کی کمی کو پورا کر رہے ہیں، خیبرپختونخوا کے تمام ہسپتالوں میں صحت کی خدمات کی فراہمی کو بہتر کیا جا رہا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ 24 گھنٹے عوام کے لیے حاضر رہینگے،ہم عوام کے خادم ہیں اور عوام کے لیے کام کرتے رہیں گے۔ نگران حکومت نے محکمہ صحت کا برا حال کر دیا ہے، تمام نظام ٹھیک کریں گے، عمران خان کی حکومت نے پچھلے دور میں جو ڈیلیور کیا، محکمہ صحت اب بھی بہتر ڈیلیور کرے گا،بہت سے چیلنجز ہیں لیکن انشاء اللہ ہم تمام چیلنجز کو بہتر طریقے سے عبور کریں گے۔