وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب سے جنوبی اضلاع سے تعلق رکھنے والے بعض ارکان اسمبلی نے سی ایم ہاؤس پشاور میں ملاقات کی اور ان سے جنوبی اور ضم اضلاع میں سیاحت و ثقافت اور آثارقدیمہ کے فروغ کیلئے منصوبہ بندی اور بجٹ تجاویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور اس ضمن میں اپنی جانب سے بھی بعض تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔ ان میں ڈیرہ اسماعیل خان سے رکن قومی اسمبلی و سابق صوبائی وزیر بلدیات فیصل امین گنڈاپور اور ٹانک سے نومنتخب ایم پی اے عثمان خان بیٹنی شامل تھے۔ زاہد چن زیب نے ان ارکان اسمبلی کی سفارشات کو سیاحتی پلان کا حصہ بنانے کا یقین دلاتے ہوئے انکشاف کیا کہ جون میں پیش کئے جانیوالے نئے مالی سال کے صوبائی بجٹ میں پورے خیبرپختونخوا میں سیاحت کی ترقی کیلئے خاطر خواہ فنڈز مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جن میں جنوبی اور ضم اضلاع بھی سرفہرست ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ صوبہ کے باقی حصوں کی طرح یہ علاقے بھی سیاحت و ثقافت کے خزانوں اور صحت بخش و پرفضا مقامات سے مالامال ہیں جہاں مناسب سرمایہ کاری سے نہ صرف انہیں بین الاقوامی سطح پر سیاحوں کیلئے پرکشش بنایا جا سکتا ہے بلکہ سیاحت کی صنعت کو دن دگنی رات چوگنی ترقی دی جا سکتی ہے۔ مشیر سیاحت کا کہنا تھا کہ سیاحت کی ترقی پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کا ویژن بھی ہے جبکہ صنعت سیاحت میں سرمایہ کاری سے صوبہ کی آمدن اور روزگار کے مواقع میں کئی گنا اضافہ کا امکان ہے جبکہ یہاں سیاحتی سرگرمیوں کی ترویج سے پختونخوا کی روایتی مہمان نوازی اور رنگارنگ تہذیب و تمدن کو دیکھتے ہوئے اس خطے کا سافٹ امیج بھی دنیا بھر میں آشکارا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ملاکنڈ اور ہزارہ سمیت صوبے کے دیگر بالائی علاقوں کی طرح کوہاٹ سے لیکر ڈیرہ اسماعیل خان جبکہ خیبر سے لیکر اورکزئی اور باجوڑ تک ہمارے تمام جنوبی اور ضم اضلاع کو صحت افزاء ماحولیاتی اور مذہبی سیاحت کے خزینوں سے بڑی فیاضی کے ساتھ نوازا ہے جہاں انفراسٹرکچر کی ترقی اور امن و امان کی صورتحال مزید بہتر بنانے سے انہیں غیرملکی سیاحوں کیلئے پرکشش بنانے کی تجاویز زیرغور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں تعمیر و ترقی کے اس پہلو پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی مگر وزیراعلی علی امین گنڈاپور کی مدبرانہ قیادت میں آئندہ پانچ سالوں کے دوران دیگر تمام شعبوں کے ساتھ ساتھ سیاحت کو بطور صنعت بھرپور فروغ دیا جائے گا۔