صوبائی وزیر خوراک کی ہدایت پر محکمہ خوراک کی گندم خریداری کے عمل میں بدعنوانی پر دو افسران کے خلاف کارروائی

صوبائی حکومت کا مقامی کسانوں سے گندم کی خریداری ایک کسان دوست اقدام ہے، بدعنوانی کسی صورت برداشت نہیں، ظاہر شاہ طورو

خیبرپختونخوا میں گندم خریداری کے عمل میں شفافیت برقرار رکھنے کے لئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو کی ہدایات پر محکمہ خوراک نے کارروائی کا آغاز کردیا ہے اس سلسلے میں محکمہ خوراک نے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ملاکنڈ اور اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر کیخلاف گندم خریداری میں شکایات پر قانونی کاروائی شروع کرتے ہوتے ڈی ایف سی کو فوری طور پر فوڈ ڈائریکٹوریٹ رپورٹ کرنے جبکہ انچارج گندم گودام درگئی اے ایف سی کو معطل کردیا۔اس حوالے سے محکمہ خوراک نے باقاعدہ طور پر اعلامیہ بھی جاری کردیا، اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں افسران کے خلاف کارروائی مانیٹرنگ رپورٹس اور عوامی شکایات پر کی گئی، دریں اثناء وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے اس حوالے سے کہا ہے کہ گندم خریداری میں بدعنوانی روکنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے ہیں ان کا کہنا تھا کہ خفیہ مانیٹرنگ کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں اور صوبے کے تمام خریداری مراکز میں سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب ہیں۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ کرپشن کیخلاف زیرو ٹالرنس پر یقین رکھتے ہیں اس لئے جو اہلکار بدعنوانی میں ملوث پایا گیا اسکے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی،انہوں نے صوبے کے عوام اور میڈیا سے اپیل کی کہ کرپٹ عناصر کی نشان دہی میں حکومت کا ساتھ دیں تاکہ گندم خریداری کے عمل میں شفافیت برقراررہ سکے، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کا مقامی کسانوں سے گندم کی خریداری ایک کسان دوست اقدام ہے۔

مزید پڑھیں