وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے مشیر کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان نے جمعرات کے روز پشاور میں وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر سلطان ازلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پہلا گول کرنے والے کھلاڑی زکریا حیات کو 10 لاکھ روپے کا چیک حوالے کیا۔زکریا حیات کا تعلق مردان سے ہے اور انھوں نے اس بین لاقوامی ایونٹ میں اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ملک کا نام روشن کیا۔صوبے سے تعلق رکھنے والے قومی کھلاڑی زکریا حیات کی حوصلہ افزائی کیلئے وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا تھا۔اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں سیکریٹری سپورٹس مطیع اللہ بھی موجود تھے۔مشیر کھیل نے قومی کھلاڑی کو داد دی اور انکی کارکردگی کو سراہا۔انھوں نے کہا کہ ہمارے صوبے کے کھلاڑیوں اور سٹارز کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی کیونکہ یہ ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔انھوں نے کہا کہ ہمارے کھلاڑی باہر دنیا میں ہماری مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں اور سپورٹس جیسی مثبت سرگرمیوں کے ذریعے اپنے ملک کا نام روشن کررہے ہیں لہذا صوبائی حکومت انکی ہر سطح پر سرپرستی کرے گی۔انھوں نے امید ظاہر کی کہ زکریا حیات مستقبل میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور ملک و صوبے کا نام روشن کریں گے۔