چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری کی زیر صدارت صوبے میں بجلی کی لوڈ مینجمنٹ سے متعلق اجلاس

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے صوبے میں بجلی کی لوڈ مینجمنٹ سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صوبے کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ بجلی کی بہتر لوڈ مینجمنٹ کے ذریعے گرمیوں میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں۔ انہوں نے ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ تندہی سے کام کریں اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو تعاون فراہم کرتے ہوئے بجلی کی بلا تعطل فراہمی پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے یہ ہدایات جمعرات کو پشاور میں منعقدہ ایک اجلاس میں جاری کیں جس میں صوبہ بھر کے پیسکو، پولیس، ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ عابد مجید نے ایک تفصیلی لائحہ عمل پیش کیا جس پر خیبرپختونخوا اور وفاقی حکومتوں نے باہمی اتفاق کیا ہے۔ بجلی کی لوڈ مینجمنٹ کے اس نئے لائحہ عمل پر عملدرآمد سے صوبے کے مختلف حصوں میں لوڈ شیڈنگ مرحلہ وار کم ہو کر ختم ہو جائے گی۔اس لائحہ عمل کو وفاقی سطح پر پزیرائی ملی ہے اور کامیابی سے عمل درآمد کے نتیجے میں پورے صوبے کو لوڈشیڈنگ کے مسئلے سے پاک کر دیا جائے گا۔نئے لائحہ عمل میں سخت سزاؤں اور دیگر اقدامات کی بجائے حکومت ایک جامع حکمت عملی کے تحت مقامی افراد کو اعتماد میں لے کر مقامی سطح پر اقدامات لاگو کریگی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ لائحہ عمل مقامی آبادیوں کے ذریعے گاؤں گاؤں شہر شہر بجلی کی لوڈشیڈنگ کے انتظام میں مدد کرے گا اور اس بات کو یقینی بنائے گا کہ بل ادا کرنے والے افراد کو سال بھر بلا تعطل بجلی ملے اور بجلی صارفین کو واجبات کے آسان اقساط کے ذریعے اپنے میٹر واپس لینے میں مدد مل سکے۔

مزید پڑھیں