خیبر پختونخوا کے وزیر جنگلات و ماحولیات فضل حکیم خان یوسفزئی نے کرک کے کرد شریف پہاڑ پر آگ لگنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ جنگلات کے حکام کو الرٹ رہنے اور آگ پر قابو پانے کی ہدایت کی ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی ہدایات کی روشنی میں خیبر پختونخوا حکومت نے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے پہاڑ پر لگی آگ کو بجھانے کیلئے ٹیم کو کرک بھیج دیا ہے۔وزیر جنگلات نے کہا کہ کرک کے ڈی ایف او اپنے عملے اور ضلعی انتظامیہ کے عملہ سمیت آگ بجھانے کیلئے پہاڑ پر پہنچے،جس پہاڑ پر آگ بھڑک اٹھی ہے وہ اجتماعی ملکیت ہے، آگ پر تقریباً 80فیصد قابو پا لیا گیا ہے صرف ایک جگہ پر آگ باقی ہے جہاں تک رسائی فی الحال ممکن نہیں لیکن ٹیم وہاں تک پہنچنے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ صوبائی وزیر جنگلات و ماحولیات فضل حکیم خان یوسفزئی نے محکمہ جنگلات کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث پہاڑوں پر آگ لگنے کے واقعات کی روک تھام کیلئے الرٹ رہیں اور اس حوالے سے حفاظتی اقدامات اٹھائے جائیں۔