خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کا گلیات میں بڑا کریک ڈاؤن، مشہور ہوٹلوں کے معائنے، حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر 6 ہوٹلز کے کچن سیل، لاکھوں روپے جرمانے بھی عائد، ترجمان فوڈ اتھارٹی
خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے نتھیاگلی کے مشہور ہوٹلوں پر اچانک چھاپے مار کر بڑے پیمانے پر کارروائیاں کیں۔ صفائی کی انتہائی ابتر صورتحال اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر چھ بڑے ہوٹلوں کے کچن کو سربمہر کرکے لاکھوں روپے کے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔ اس سلسلے میں ترجمان فوڈ اتھارٹی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ روز ڈپٹی ڈائریکٹر کامران خان کی نگرانی میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے نتھیاگلی کے مشہور ہوٹلوں کی چیکنگ کی، جن میں ناقص صفائی، حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی، عملے کے پاس میڈیکل سرٹیفکیٹ نہ ہونے، خراب خوردنی تیل کے استعمال اور زائد المیعاد چکن گوشت و دیگر خوراکی اشیاء برآمد ہونے پر 6 ہوٹلوں کے کچن کو سیل کر دیا گیا اور لاکھوں روپے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔تفصیلات کے مطابق کارروائیاں شہریوں اور سیاحوں کی شکایات موصول ہونے پر کی گئیں تاکہ حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل درآمد اور معیاری و محفوظ خوراک کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی واصف سعید نے ایبٹ آباد ٹیم کی کامیاب کاروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کریک ڈاؤن اور چھاپوں کا مقصد شہریوں اور سیاحوں کی صحت کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔ سیکرٹری محکمہ خوراک ظریف المعانی نے بھی فوڈ سیفٹی ٹیموں کی کاکردگی کو سراہتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے عناصر کے خلاف فوڈ اتھارٹی حکام کو بروقت اطلاع دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں غیر معیاری خوراکی اشیاء سے وابستہ کاروباروں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے فوڈ اتھارٹی حکام کو ہدایت کی ہے کہ سیاحتی مقامات میں ہوٹلوں کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر کسی کے ساتھ کوئی نرمی نہ برتی جائے۔ شہریوں کو محفوظ خوراک فراہم کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔