وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات، سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور سے منگل کے روز برطانوی ہائی کمشنر جین میرئیٹ نے وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے اُمور خصوصی طور پر خیبر پختونخوا میں برطانوی حکومت کے مختلف اداروں کے اشتراک سے جاری عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پلاننگ اینڈڈویلپمنٹ سید امتیاز حسین شاہ اور دیگر متعلقہ حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔وزیراعلیٰ نے برطانوی ہائی کمشنر سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ خیبر پختونخوا حکومت صوبے میں عوامی فلاح و بہبود کے لیے برطانوی اداروں کے تعاون اور اشتراک کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے،صوبائی حکومت مستقبل میں باہمی اشتراک کو مزید وسعت دینا چاہتی ہے اور صوبے میں برطانوی سرمایہ کار اداروں کی طرف سے سرمایہ کاری کی خواہاں ہے۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے میں معدنیات، توانائی اور سیاحت سمیت دیگر شعبوں میں بیرونی سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں،صوبائی حکومت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت غیر ملکی کمپنیوں کے ساتھ اشتراک کار کو فروغ دینا چاہتی ہے۔اُنہوںنے کہاکہ بیرونی سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے سرمایہ کاری کے پیچیدہ مراحل کو آسان بنانے پر کام جاری ہے ، صوبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا۔علاوہ ازیں صوبائی حکومت امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے بھی ٹھوس اقدامات کر رہی ہے،دہشتگردی سے مستقل نجات کے لیے لوگوں کو تعلیم اور روزگار دینے کی ضرورت ہے اورموجودہ صوبائی حکومت اس سلسلے میں ایک جامع منصوبہ بندی کے تحت کام کر رہی ہے۔وزیراعلیٰ نے مختلف ترجیحاتی شعبوں میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ زراعت کے شعبے کی ترقی کے لئے سمال ڈیموں کی تعمیر پر کام کر رہے ہیں،زراعت کے شعبے کو ترقی دے کر لوگوں کےلئے روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کوبا روزگاربنانے کےلئے انہیں بلاسود قرضے فراہم کئے جائیں گے۔ نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار دینے کےلئے ڈونر اداروں کے تعاون کی ضرورت ہے۔ علی امین گنڈا پور نے مزید کہاکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر ہونے کی وجہ سے اس صوبے خصوصاً ضم اضلاع کے لوگ بہت زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔دہشت گردی سے متاثرہ ضم اضلاع میں انفراسٹرکچر کی بحالی کے لئے خصوصی اقدامات کی ضرورت ہے۔اس موقع پر صوبائی حکومت اور برطانوی اداروں کے درمیان عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں اشتراک کار کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا ۔

مزید پڑھیں