وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے بدھ کے روزپشاور میں اسٹیٹ چلڈرن کیلئے قائم مرکز”زمونگ کور” کا دورہ کیا اور مرکز میں بچوں کو فراہم کی جانے والی رہائش ، خوراک اور تعلیم و تربیت کی سہولیات کا جائزہ لیا ۔ وزیراعلیٰ نے زمونگ کورکے مختلف سیکشنز کا معائنہ کیا اور زیر تعلیم طلبہ سے ملاقات بھی کی ۔ وزیراعلیٰ کی مشیر برائے سماجی بہبود مشال یوسفزئی ، سیکرٹری سماجی بہبود سید نذر حسین شاہ اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وزیراعلیٰ نے زمونگ کور میں نو قائم شدہ ووکیشنل ٹریننگ کا افتتاح بھی کیا ، ٹریننگ سنٹر میں مختلف شعبوں میں بچوں کو فنی تربیت دی جائے گی ۔وزیراعلیٰ نے زمونگ کور میں مقیم بچوں کی بنائی ہوئی پینٹنگز اور دیگر مصنوعات کے سٹالز کا بھی معائنہ کیا ۔ وزیراعلیٰ نے زمونگ کورمرکز میںطلبہ اور ان کے اساتذہ سے خطاب کے دوران زمونگ کور مرکز کے تمام کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کرنے اور میرٹ کی بنیاد پر زمونگ کور میں زیر تعلیم بچوں کے اعلیٰ تعلیم کے اخراجات صوبائی حکومت کی طرف سےبرداشت کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ زمونگ کور میں زیر تعلیم جو بھی بچے کسی بھی اعلیٰ تعلیمی ادارے میں داخلہ لے سکیں صوبائی حکومت ان کے تمام تعلیمی اخراجات خود برداشت کرے گی ۔ اُنہوںنے مزید کہاکہ زمونگ کور کو درکار تمام فنڈز سال کے شروع ہی میں بیک وقت جاری کئے جائیں گے تاکہ زمونگ کور کو کسی بھی کسی قسم کی مالی مشکلات کا سامنا نہ ہو ۔ وزیراعلیٰ نے زمونگ کور میں مقیم بچوں کی فلاح و بہبود کو اپنی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ زمونگ کور میں مقیم بچے ہمارے بچے ہیں ، ان کی معیاری تعلیم و تربیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ صوبائی حکومت ان بچوں کو ملک کے ٹاپ کلاس سکولوں کے مطابق تعلیم و تربیت فراہم کرے گی اور انہیں کامیاب انسان بنانے کیلئے موجودہ صوبائی حکومت تمام تعاون فراہم کرے گی ۔اُنہوںنے مزید کہا کہ اسی دور حکومت میں ہی زمونگ کور مراکز کو ملک کے ٹاپ کلاس نجی تعلیمی اداروں کے برابر لایا جائے گا۔ اُنہوںنے اساتذہ اور دیگر عملے پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ وہ زمونگ کور میں مقیم بچوں کے ساتھ اپنے بچوں جیسا رویہ اپنائیں ، یہ فرائض منصبی کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ آخرت کیلئے بھی ثواب کا ذریعہ ہے ۔