وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپورنے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے کاروبار شروع کرنے کیلئے بلاسود قرضے بھی دے گی ، آئندہ مالی سال کے دوران صوبے کے ایک لاکھ نوجوانوں کو بلاسود قرضے دئیے جائیں گے ۔ پاکستان کی آباد ی کا ایک بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے اور نوجوان ہی پاکستان کو مسائل سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو سامنے لائے گی اور انہیں میرٹ کی بنیاد پر سیاست سمیت ہر میدان میں اپنے ٹیلنٹ کے جوہر دکھانے کے مواقع فراہم کئیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے عہدیداران نے صوبائی صدر اشفاق مروت کی سربراہی میں وزیراعلیٰ سے ملاقات کی ۔ اپنی حکومت کی گورننس اور قانون سازی کی حکمت عملی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ حکومت صوبے میں نئی قانون سازی کا عمل جلد شروع کرنے جارہی ہے، ہم قانون سازی کے ہی ذریعے گورننس کو بہتر بنائیں گے اور کرپشن اوررشوت ستانی کا خاتمہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ رشوت ایک ناسور ہے جس سے میرٹ اور ٹیلنٹ دونوں کا قتل عام ہوتا ہے جس کی ہم کبھی بھی اجازت نہیں دیںگے ، رشوت ستانی کے خلاف عوام بھرپورآواز اٹھائیں ، اس کی نشاندہی کریں ، حکومت فوری ایکشن لے گی۔ ہم قانون سازی کے ذریعے اینٹی کرپشن کے نظام کو مضبوط بنائیں گے، وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں پورٹل کے قیام پر کام جاری ہے جس کے ذریعے عوامی شکایات اور مسائل کی ٹریکنگ کی جائے گی ۔ سرکاری محکمے عوام کی خدمت کےلئے بنے ہیں ، سرکاری لوگوں کا کام عوام کی خدمت ہے ۔ وزیراعلیٰ نے قومی سطح پر ملک کو درپیش مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک پر آج انہی لوگوں کو دوبارہ مسلط کردیا گیا ہے جن کی وجہ سے ملک بحرانوں سے دوچار ہے ، یہ مفاد پرست ٹولہ ملک کا سوچنے کی بجائے ذاتی مفاد کا سوچتا ہے۔ ایک طرف ملک کا قرضہ بڑھ رہا ہے ، مہنگائی نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے تو دوسری طرف ملک مالی بحرانوں میں دھنسا جارہا ہے ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا ، عوام نے مینڈیٹ عمران خان کو دیا ہے ، ایک مخصوص ٹولے کی خاطر ملک کے آئین کو بار بار توڑا جارہا ہے ، آئین میں آرٹیکل 6 کا مقصد یہی ہے کہ کوئی آئین توڑنے کی جرات نہ کرسکے۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ نوجوان عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کی طاقت ہےں ، عمران خان کی صوبائی حکومت ان پر خصوصی سرمایہ کاری کرے گی اور انہیں ایک قیمتی اثاثہ بنائے گی ۔ علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ عمران خان ہی واحد لیڈر ہےں جو امت مسلمہ کو متحد کرنے اور ظلم و بربریت کے خلا ف بولنے کی جرات رکھتے ہیں ۔ فلسطینیوں پر مظالم کے خلاف یہ نااہل حکمران بات تک نہیں کر سکتے۔ عمران خان ہی واحد لیڈر ہےں جو کشمیریوں کا مقدمہ بین الاقوامی فورمز پر موثر انداز میں لڑنے کی ہمت اور جرات رکھتے ہیں ۔