خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ملک پختون یار خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کی موجودہ حکومت صوبے کے عوامی مسائل حل کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے موجودہ صوبائی حکومت نے میرٹ کی بالادستی قائم کرکے کرپشن، لوٹ مار اور اقرباپروری کا خاتمہ کردیا ہے اور مستقبل کے لیے کرپشن اور لوٹ مار کے خلاف ایک مکمل بند باندھا گیا ہے، انہوں نے بنوں کے مختلف علاقوں میں تقریبات میں شرکت کے موقع پر ان خیالات کا اظہار کیا، اس موقع پر سابق صوبائی اسمبلی کے امیدوار حاجی ملک محمد اللہ داوڑ بھی موجود تھے، انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں کے برعکس پی ٹی آئی کی حکومت نے عوام کی فلاح و بہبود پر توجہ دی ہے اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے مثبت اقدامات اٹھارہی ہے، سرکاری اداروں میں تقرریاں سفارش پر نہیں بلکہ خالصتا میرٹ کے مطابق ہوں گی، اور صوبے میں این ٹی ایس اور جدید اصلاحات کا نظام رائج کیا ہے جس سے تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں میں کافی بہتری آئی ہے حکومت نے صوبے کے غریب عوام کے لئے ہیلتھ کارڈ کا اجراء کیا ہے جس سے سابقہ فاٹا کے کثیر تعداد میں عوام مستفید ہو رہے ہیں جس کی بدولت خیبر پختونخوا ملک کے دیگر صوبوں کے لئے رول ماڈل صوبہ بن گیا ہے، انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا کے عوام کے تمام جائز مسائل بتدریج حل کئے جارہے ہیں اور حکومتی اقدامات اور پالیسیوں کا یہ تسلسل جاری رہے گا اور تمام پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں کے عوام بھی ایک پرسکون زندگی بسر کر سکیں گے۔