درال خوڑصوبے کا قیمتی اثاثہ، سالانہ 1ارب 30کروڑکی آمدن ہورہی ہے،نثاراحمدخان کی گفتگو
ہینڈ آؤٹ نمبر۔1823۔پشاور۔انور خان۔ساجد۔9 جون،2024ء
خیبرپختونخوامیں سال 2022اوررواں سال 2024کے دوران میں آنے والے تباہ کن سیلاب نے ضلع سوات میں توانائی کے منصوبے 36.6میگاواٹ درال خوڑپن بجلی گھر کوشدیدنقصان پہنچایاجس کے بعدمحکمہ توانائی وبرقیات اوراسکے ذیلی ادارے پختونخواانرجی ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن (پیڈو) نے ہنگامی بنیادوں پرمتاثرہ بجلی گھر کو بحال کرکے دوبارہ نیشنل گرڈ کے ساتھ منسلک کردیاتاہم مذکورہ بجلی گھر کو مستقبل میں سیلابی صورتحال سے محفوظ رکھنے کے لئے Protection Wallیعنی حفاظتی دیوارکی تعمیر کاکام بھی جلد مکمل کرلیا جائے گا۔اس سلسلے میں سیکرٹری توانائی وبرقیات نثاراحمدخان نے درال خوڑبجلی گھرسوات کا ہنگامی دورہ کیا۔اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پیڈوکے زیرنگرانی درال خوڑبجلی گھر2021میں چینی اورمقامی انجینئرزکی ٹیم نے کامیابی کے ساتھ مکمل کیا جس سے صوبے کو سالانہ 1ارب 30کروڑروپے خطیرآمدن ہورہی ہے تاہم سال 2022 اوربعدازاں اپریل 2024کوآنے والے تباہ کن سیلاب سے بجلی گھر کو شدید نقصان ہوا۔سیکرٹری توانائی نثاراحمدخان جو کہ قائمقام چیف ایگزیکٹو پیڈوکی حیثیت سے بھی خدمات سرانجام دے رہے ہیں نے درال خوڑپاورہاؤس کے سپل وے،سینڈٹریپ،پاورچینل،سوئچ یارڈ اوردیگرحصوں کاباریک بینی سے معائنہ کیااوربجلی گھر کوآئندہ سیلابی صورتحال سے محفوظ رکھنے کے لئے ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔انہوں نے متعلقہ حکام کو بجلی گھر میں ٹیکنیکل سٹاف کی کمی دورکرنے کیلئے فوری طورپر بھرتی کے عمل کو پوراکرنے پر زوردیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری توانائی نثاراحمد خان نے کہا کہ درال خوڑبجلی گھرصوبے کا ایک منافع بخش اثاثہ ہے جس سے صوبے کو سالانہ اربوں کی آمدن ہورہی ہے اس لئے آئندہ مون سون سے پہلے سیلاب سے بچاؤکے لئے حفاظتی دیوارکی تعمیر کا کام جلد مکمل کیاجائے کیونکہ تھوڑی سے بھی تاخیر بجلی گھر کی پیداوارکو متاثرکرسکتی ہے۔