صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پختون یار خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کی حکومت امن و امان کے قیام اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں ہے، عوام کی بہتری،ترقی وخوشحالی اور امن و امان کی فضا کی بحالی کیلئے تمام تر ممکنہ اقدامات اٹھائیں گے، عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنائیں گے اور اپنی قوم کو امن و ترقی کی طرف لے جانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنوں قوم کی طرف سے بلائے گئے امن جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ خدا کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ ہم نے قوم کی ترجمانی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔پختون یار خان نے کہا کہ امن و امان کا مسئلہ کسی ایک فرد کا نہیں بلکہ ہم سب کا مشترکہ مسئلہ ہے،عنقریب صوبائی سطح پر متعلقہ حکام بالا سے موجودہ صورت حال پر بات کی جائے گی اور موجودہ حالات سے آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ امن و امان کی فضا برقرار رکھنے سے ہی ترقیاتی کاموں سے مستفید ہوا جا سکتا ہے اسلئے پہلا کام امن و امان کے قیام کیلئے تگ ودو کرنا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمیں آج سے یہ عہد کرنا ہے کہ ہم سب مل کر اتحاد و اتفاق کی فضاء کو بحال اور قائم و دائم رکھیں گے۔