خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی ضلع مانسہرہ کے علاقہ ناراں میں کارروائی، زائد المیعاد خوراک کی اشیاء برآمد کرکے ضبط، لاکھوں روپے کے جرمانے عائد، مردان سے ممنوع چائنہ سالٹ بھی برآمد، موقع پر ضبط
خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے سیاحتی مقام ناران میں خوراک سے وابستہ کاروباروں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے گذشتہ روز مختلف ہوٹلوں، دکانوں اور ریسٹورنٹس کے معائنے کیے۔ اس سلسلے میں ترجمان فوڈ اتھارٹی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مانسہرہ فوڈ سیفٹی ٹیم نے ناران میں تین روزہ کریک ڈاؤن کیا اور مختلف خوراکی اشیاء کے کاروباروں کے معائنوں کے دوران بڑی مقدار میں زائد المیعاد خوراک کی اشیا برآمد کر کے تلف کر دی گئیں اور صفائی کی انتہائی ابتر صورتحال اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر لاکھوں روپے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔اس موقع پر نئے کاروباروں کو رجسٹر کر کے لائسنز کا اجراء بھی کیا گیا، ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے سیاحوں نے فوڈ سیفٹی ٹیم کی کارروائی کو سراہا،اسی طرح فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے مردان میں بھی کاروائی کے دوران خواجہ گنج بازار میں ایک سپلائر سے 24 کلو ممنوع چائنہ سالٹ برآمد کر کے موقع پر ضبط کر لیا، جبکہ ملوث افراد پر بھاری جرمانہ بھی عائد کیا گیا، دریں اثنا ڈائریکٹر جنرل فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ تمام سیاحتی مقامات پر سیاحوں کو معیاری خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اتھارٹی کی ٹیموں کو باقاعدگی سے چیکنگ کی ہدایت جاری کیں، انھوں نے کہا کہ صوبائی وزیر خوارک ظاہر شاہ طورو نے تمام افسران کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ لوگوں کی صحت سے کھلواڑ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ایسے عناصر کے خلاف تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے، انھوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح صوبے کے عوام کی خدمت کرنا ہے یہی وجہ ہے کہ تمام افسران عوام کو صاف ستھری خوراک کی فراہمی کے لئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لا رہے ہیں۔