وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ قومی اقتصادی کونسل نے وزیراعلی خیبرپختونخوا اور صوبائی حکومت کے مطالبے کے مطابق ضم اضلاع کیلئے 70 ارب ترقیاتی گرانٹ جاری کرنے پر اتفاق کیا ہے اس سلسلے میں خیبرپختونخوا اور ضم اضلاع کے عوام کو ترقیاتی گرانٹ پر مبارکباد پیش کرتا ہوں ان خیالات کا اظہار مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے اپنے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کیا۔ گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں شرکت کی۔ مشیر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے قومی اقتصادی کونسل سے ٹرانسمیشن لائن کیلئے فنڈز فراہمی کا مطالبہ بھی کردیا تاکہ صوبوں کو سستی بجلی کی فراہمی ممکن ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا رواں سال صرف 7 روپے فی یونٹ کے حساب سے 180 میگاواٹ بجلی پیداور کیلئے تیار ہے جس سے صوبائی حکومت یہی سستی بجلی رشکئی اور درابن اکنامک زونز کو فراہم کرنا چاہتی ہے۔ مزمل اسلم نے کہا کہ انہوں نے قومی اقتصادی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ آئی ایم ایف کے مزاکرات میں صوبوں کو شامل کیا جائے اور قومی مالیاتی معاہدوں میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینا ضروری ہے جس پر چیئرمین قومی اقتصادی کونسل اور تمام حکام نے صوبوں کی آئی ایم ایف مزاکرات میں شمولیت پر اتفاق کر لیا ہے۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت صوبے کے عوام کی خدمت اور پاکستان کی تعمیر نو میں مدد کے لیے پرعزم ہے۔