ضلع کرم پہنچنے پر ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ ڈویژن شیر اکبر خان کمشنر کوہاٹ ڈویژن عابد وزیر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کرم نثار احمد خان اور ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود نے ان کا استقبال کیا جبکہ ڈی سی آفس پاراچنار میں مقامی پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انھیں سلامی دی، چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری اور آئی جی پی خیبرپختونخوا اختر حیات خان نے ڈی سی کانفرنس روم میں ضلع کرم کے ہیڈز آف لائنز ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ڈی سی کرم جاوید اللہ محسود اور ڈی پی او کرم نثار احمد خان نے مذکورہ افسران بالا کو خطے کی موجودہ امن و امان کی صورتحال سمیت مقامی پولیس کی استعداد کار اور نئی پولیس تنصیبات کی تعمیر نو کے لیے عملی اقدامات اٹھانے اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریف کیا بعد ازاں چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری اور آئی جی پولیس اخترحیات خان نے قبائلی امن جرگے میں بھی شرکت کی قبائلی جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا اختر حیات خان نے کہا کہ فاٹا انضمام کے بعد قبائلی اضلاع میں پولیس کا کوئی خاص انفراسٹرکچر موجود نہیں تھا اب اللہ پاک کے کرم سے ایک منظم طریقے سے پولیسنگ نظام موجود ہے اس سلسلے میں ضلع کرم میں سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، ایف آر پی بھی قائم کی گئی ہیں جو کہ اس علاقے کے پولیس نظام میں ایک جدت ہے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے کچلنے میں کرم پولیس کی کاوشیں قابل تحسین ہیں اور چند روز قبل سنٹرل کرم میں پولیس چوکی پر دہشت گردانہ حملے کو پولیس کے جوانوں نے جوان مردی سے مقابلہ کرتے ہوئے پسپا کردیا اور ان کے مذموم مقاصد کو خاک میں ملا دیا۔ انشاء اللہ خیبرپختونخوا پولیس کے اعلی حکام صوبائی حکومت کے تعاون سے کرم پولیس کو دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے جدید آلات اور اسلحہ سمیت گاڑیوں کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں اور جلد ہی کرم پولیس کو جدید سازوسامان اور آلات سے لیس ہو گی اور ساتھ ضلع کرم پاراچنار سمیت اہم مقامات پر جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا جس سے امن و امان کی صورتحال، جرائم اور منشیات کی روک تھام میں خاطر خواہ مدد ملے گی اور پولیس تنصیبات کی جدید ٹیکنالوجی اور آلات کے استعمال سے حفاظت ممکن ہوسکے گی انہوں نے کہا کہ معاشرتی برائیوں کو ختم کرنے کیلئے عوام پولیس کیساتھ تعاون کریں اور جرائم کی بیخ کنی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ پولیس میں نئی بھرتیوں کے حوالے سے آئی جی پی نے کہا کہ پولیس بھرتیوں میں بھی قبائلی اضلاع کے نوجوانوں کو خصوصی رعایت دی جارہی ہے تاکہ حالیہ آسامیوں کو جلد از جلد پُر کیا جاسکے۔