وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ جعلی فارم 47 حکومت کو تحفظ دینے کے لئے ریٹائرڈ ججز کی تعیناتی شروع ہوگئی ہے۔ حتیٰ کہ بغض عمران میں پی سی او ججز بھی الیکشن ٹریبونلز میں شامل کیے جارہے ہیں۔ ریٹائرڈ ججز الیکشن ٹریبونلز میں شامل کرانا چور کی داڑھی میں تنکے والی بات کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدارتی آرڈیننس کے کالے قانون کے ذریعے جعلی سلطنت بچانے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے۔ پی ٹی آئی کے علاوہ دیگر ہارے ہوئے امیدواروں کافارم 45 بھی گواہی دے رہا ہے کہ الیکشن میں دھاندلا ہوا ہے۔ بیرسٹر سیف نے واضح کیا کہ انکے اور پی ٹی آئی کے فارم 45 پر نتائج کچھ اور فارم 47 پر کچھ اور ہیں۔ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹس پر دئیے گئے نتائج میں بھی سنگین غلطیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فارم 47 کے نتائج الیکشن کمیشن اور شریف فیملی کے گلے پڑیں گے اور سازشی ٹولہ کچھ بھی کرے لیکن اسکی حکومت کا خاتمہ یقینی ہے۔