صوبے میں عوام کو بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے بھر پور اقدامات جاری ہیں۔ صوبائی وزرا

خیبر پختونخوا کے وزیر مواصلات و تعمیرات شکیل احمد اور وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے کہا ہے کہ ضلع مالاکنڈ میں صحت کی جدید طبی سہولیات کی فرامی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں موجودہ حکومت کی اولین کوشش ہے کہ صوبے کے عوام کو بہتر اور تمام تر صحت کی بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روزضلع مالاکنڈ میں صحت کی سہولیات کے حوالے سے منعقدہ ایک جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی گل ابراہیم،سیکرٹری محکمہ صحت محمود اسلم، ڈائریکٹر جنرل صحت، ڈی ایچ او مالاکنڈ اور ایم۔ ایس سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں وزیر مواصلات و تعمیرات شکیل احمد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ضلع مالاکنڈ میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے ہسپتالوں، رورل ہیلتھ سنٹرز اور بنیادی مراکز صحت کو اپ گریڈ کرنے اور ان میں سٹاف کی کمی کو پورا کرنے کے ساتھ جدید مشینری سے لیس کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت نے یقین دلایا کہ ضلع مالاکنڈ میں صحت سے متعلق جتنے بھی مسائل ہیں ان کو فوری حل کرنے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ وہاں کے عوام کو صحت کی جدید سہولیات میسر آسکیں۔

مزید پڑھیں