خیبرپختونخوا کے وزیر برائے جنگلات، ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی و جنگلی حیات فضل حکیم خان یوسفزئی نے جرمن کے ایف ڈبلیو ڈیولپمنٹ بینک کی جانب سے بلین ٹری فارسٹیشن سپورٹ پروجیکٹ خیبرپختونخوا کی سرگرمیوں کے لئے فراہم کردہ 15 فیلڈ وہیکل وصول کیں۔ یہ گاڑیاں فاریسٹ ڈویژنوں کی صلاحیت کو مزید مضبوط، غیر قانونی کٹائی اور اسمگلنگ کی سرگرمیوں کو کنٹرول کرنے اور جنگلات سے متعلق خدمات پہنچانے کے مقصد کے استعمال میں لائی جائیں گی۔ گاڑیاں حوالہ کرنے کی تقریب پشاور میں BTTP-10 کے پروجیکٹ آفس میں منعقد ہوئی، اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی سلطان روم بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فضل حکیم خان یوسفزئی کا کہنا تھا کہ ہمارے محکمے کی بنیادی ذمہ داری جنگلات کی حفاظت ہے اس سلسلے میں کوئی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے کہا کہ صوبے میں جنگلات کی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کارلائے جائیں گے اور درختوں کی غیر قانونی کٹائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اورجنگلات کی کٹائی کی سرگرمیوں میں ملوث عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور انہیں نشان عبرت بنایا جائے گا۔