وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان نے کہا

وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان نے کہا ہیکہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث رونما ہونے والے منفی اثرات معاشرے کیلئے بڑا خطرہ ہیں اور صوبائی حکومت ان چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے ممکنہ طور پر ہر لحاظ سے کوششیں کررہی ہے۔پی ٹی آئی کی گزشتہ صوبائی حکومت میں بلین ٹری پلانٹیشن کا منصوبہ شروع کیا گیا اور پی ٹی آئی ہی کی مرکزی حکومت میں دس بلین ٹری پلانٹیشن کا منصوبہ شروع کیا گیا جس کی افادیت کے حوالے سے عالمی سطح پر پزیرائی کی گئی۔انھوں نے کہا کہ صوبے میں پانی کے تحفظ کیلئے سمال ڈیمز بنا رہے ہیں جبکہ جنگلات کے تحفظ کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ طلبہ اس قومی مقصد میں ایک فعال کردار ادا کرسکتے ہیں اوروہ شجر کاری مہمات میں بڑھ چڑھ کر اپنا حصہ ڈالیں۔مشیر کھیل نے کہا کہ ملک کی آبادی کا 64 فیصد حصہ یوتھ پر مشتمل ہے اور صوبائی حکومت نوجوانوں کیلئے صوبے میں احساس روزگار سکیم شروع کررہی ہے جسکے تحت انھیں 10 لاکھ سے لیکر 1 کروڑ تک مفت قرضہ فراہم کیا جائے گا اور وہ کلسٹرز کی شکل میں اس سکیم کے ذریعے اپنا کاروبار شروع کرسکیں گے۔عید کے بعد وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اس منصوبے کا افتتاح کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کے روز پشاور یونیورسٹی میں ” ماحولیاتی انصاف کیلئے متحد مذہبی کمیونیٹیز ” (Faith Communities Together for Climate Justic) کے نام سے ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے منعقدہ ایک روزہ سیمنار سے بطور گیسٹ آف ہانر خطاب کے دوران کیا۔سیمینار کا اہتمام شعبہ کریمینالوجی نیاوٹریچ اسسٹنس ٹو ہیومینٹی(OATH) اور پاکستان پارٹنرشپ انیشیٹیو کے باہمی اشتراک سے کیا تھا۔ جبکہ اس موقع پر وزیر اعلی کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف مہمان خصوصی تھے۔سیمینار سے مشیر کھیل سید فخر جہان نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بچاؤ کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اس معاشرتی چیلنج میں نوجوان طبقہ ایک اہم کردار ادا کرسکتا ہے کیونکہ مستقبل ان نوجوانوں کا ہیلہذا وہ اپنے روشن اور تابناک کل کیلئے آج ہی سے معاشرے کو رونما ہونے والے چیلنجز پر قابو پانے کیلئے اپنی کوششیں کرے۔انھوں نے کہا کہ بطور مشیر نوجوانان انکے دروازے ہمہ وقت طلبہ اور یوتھ کیلئے کھلے رہتے ہیں اور وہ کسی بھی تعاون کیلئے براہ راست ان سے رابطہ کرسکتے ہیں۔انھوں نے یونیورسٹیوں کے حوالے سے حکومت کے ویژن کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے میں تمام تعلیمی اداروں اور یونیورسٹیوں کے مسائل کو حل کرنے میں ہر ممکن تعاون فراہم کررہی ہے۔ سیمنار سے وزیر اعلیٰ کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف،وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد جہانزیب،ڈین سوشل سائنسز ڈاکٹر جوہر علی،چیر پرسن انوائرمنٹل سائنسز ڈاکٹر بشری، ودیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے محرکات اور ان کے تدارک کیلئے ممکنہ اسباب اور کوششوں پر روشنی ڈالی۔مذکورہ سیمنار کی آرگنائزنگ میں یونیورسٹی کی جانب سے شعبہ کریمینالوجی کے فیکلٹی ممبر ڈاکٹر ابرار اور سوشل ورک ریسرچر عمران نبی کا تعاون حاصل رہا۔

مزید پڑھیں