وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت اور فنی تعلیم عبدالکریم تورڈھیر سے پیر کے ر وز پشاور میں امریکی قونصلیٹ جنرل کے پولیٹیکل اینڈ اکنامک سیکشن چیف Dustin” Degrande”نے ملاقات کی اور انکے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور خصوصی طور پر تجارتی تعلقات،سماجی شعبوں میں تعاون اور اس میں مزید وسعت کے امکانات و دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں سیکریٹری صنعت وحرفت و فنی تعلیم عامر آفاق،منیجنگ ڈائریکٹر سمال انڈسٹریز ڈویلپمنٹ بورڈ حبیب اللہ عارف،ایڈیشنل سیکریٹری شمع نعمت،ڈائریکٹر ٹیوٹا منیر گل،ڈائریکٹر بزنس فیسلٹیشن خیبر پختونخوا بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ اقبال سرور سمیت خیبر پختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی وصنعت کے دیگر حکام نے شرکت کی۔ملاقات کے دوران معاون خصوصی نے امریکی نمائندے کو صوبے کے خصوصی حالات کے تناظر میں بیرونی سرمایہ کاری اور خصوصی طور پر امریکی حکومت کی جانب سے یہاں پر مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات اور ضرورت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ انھوں نے کہا کہ یہاں پر ضم اضلاع کی ترقی کیلئے بیرونی تعاون کی ضرورت ہے جبکہ صوبے کے صنعتی شعبے میں توانائی کی فراہمی میں بھی ہم بیرونی تعاون چاہتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ پورے ملک میں اس صوبے کی جغرافیائی لوکیشن بھی صنعتکاری کے حوالے سے منفرد حیثیت کی حامل ہے جس کے باعث یہاں پر تعمیر وترقی کیلئے زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔معاون خصوصی نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت تمام تر چیلنجز کے باوجود صوبے کی پائدار ترقی کیلئے کوشاں ہے جس کے سلسلے میں صنعت وتجارت کے شعبے کو توجہ دی جارہی ہے۔انھوں نے کہا کہ ہم بیرونی سرمایہ کاری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور اس سلسلے میں امریکی انوسٹمنٹ اور مختلف شعبوں کیلئے دیرپا امدادی گرانٹس میں تعاون کی امید رکھتے ہیں۔اس موقع پر محکمہ صنعت کے مختلف شعبوں کی جانب سے یہاں پر فنی تعلیم وتربیت اور سرمایہ کاری و مالی تعاون کے ممکنہ شعبوں کے امکانات کے حوالے سے امریکی نمائندے کو آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر امریکن سفارکار نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین پرانے اور دیرینہ باہمی تعلقات ہیں اور یہاں پر انرجی،صاف پانی،تعلیم وتربیت اور کئی دیگر شعبوں میں امریکی حکومت کی جانب سے تعاون کیا جا رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ یہاں پر آئی ٹی،معدنیات اور ہائیڈل میں سرمایہ کاری کے حوالے سے وسیع امکانات موجود ہیں۔انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری اور ممکنہ باہمی تعاون کی غرض سے باہمی روابط آئندہ جاری رکھیں جائیں گے جبکہ پاکستان میں امریکی حکومت کے تعاون پر مبنی مختلف منصوبوں کے حوالے سے بھی صوبائی حکومت کو آگاہ رکھا جائے گا۔