وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے محکمہ سیاحت کے ریسٹ ہاﺅسز کے بہتر انتظام و انصرا م کو یقینی بنانے اور صوبے کی آمدن میں خاطر خواہ اضافے کیلئے سرکاری ریسٹ ہاﺅسز کی لیز پالیسی کو تبدیل کرنے کا اُصولی فیصلہ کیا ہے اور لیز پالیسی میں ضروری ترامیم کیلئے متعلقہ کابینہ اراکین اور دیگر حکام پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے جو ایک ہفتے کے اندر اندر موجودہ لیز پالیسی میں ضروری ترامیم تجویز کرے گی ۔ یہ فیصلہ اُنہوںنے منگل کے روز محکمہ سیاحت کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔صوبائی کابینہ اراکین زاہد چن زیب ، مزمل اسلم، بریگیڈئر ریٹائرڈ مصدق عباسی کے علاوہ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، سیکرٹری سیاحت بختیار خان، ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹوارزم اتھارٹی تاشفین حیدر اور محکمہ سیاحت کے دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس میں محکمہ سیاحت کے زیر انتظام سرکاری ریسٹ ہاﺅسز کے بہتر انتظام و انصرام سے متعلق معاملات پر تفصیلی غور و خوص کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ سیاحت کے ریسٹ ہاﺅسزمیں بڑے پیمانے پر نجی سرمایہ کاری کوراغب کرنے کیلئے طویل المدتی لیز پالیسی بنائی جائے گی اور نئی پالیسی میں سرمایہ کاری کے حساب سے ریسٹ ہاﺅسز کی لیز کا دورانیہ رکھا جائے گا۔ اجلاس میں محکمہ سیاحت کے ریسٹ ہاﺅسز کی لیزز سے متعلق جملہ معاملات کی نگرانی کیلئے محکمہ سیاحت کے تحت قائم کمپنی کو بھی فعال بنانے کا فیصلہ ہوا ہے ۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ نے محکمہ سیاحت کی ٹیکنیکل کمیٹی کی تشکیل کیلئے متعلقہ قوانین میں ترامیم اور خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹوارزم اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تعیناتی کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ سیاحت کے زیر انتظام کیمپنگ پاڈز کو جلد ازجلد آوٹ سورس کرنے اور سرکاری اثاثوں کی انونٹری کو ڈیجیٹائز کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے اپنی گفتگو میں کہاکہ شعبہ سیاحت میں خاطر خواہ استعداد موجود ہے اس سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے، اس شعبے کوجدید خطوط پر ترقی دے کر صوبے کی معیشت کو مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع بھی پیدا کئے جا سکتے ہیں۔