وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے صوبے میں مزید مون سون بارشوں کے امکان کے پیش نظر صوبہ بھر کی ضلعی انتظامیہ، محکمہ ریلیف، اور ریسکیو سمیت تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور ان متوقع بارشوں کی وجہ سے ممکنہ نقصانات کو کم سے کم کرنے کے لئے تمام پیشگی انتظامات کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے متوقع بارشوں کے تناظر میں پی ڈی ایم اے کی طرف سے پہلے سے جاری کردہ ہدایات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ ممکنہ جانی و مالی نقصانات کو کم سے کم کیا جاسکے۔ وزیر اعلی نے مزید ہدایت کی ہے کہ بارشوں کے دوران ضلعی انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں کے عملے کی فیلڈ میں موجودگی یقینی بنائی جائے، کسی بھی ناخوشگوار صورتحال میں متاثرہ علاقوں میں بروقت ریسکیو اور ریلیف سرگرمیاں شروع کی جائیں، بارشوں کی وجہ سے دریاؤں میں سیلابی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جائے، ممکنہ سیلابی ریلوں کی وجہ سے بند سڑکوں اور دیگر انفراسٹرکچرز کی بحالی کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں اور اس مقصد کے لئے درکار مشینری اور افرادی قوت کی ہمہ وقت دستیابی یقینی بنائی جائے۔ وزیر اعلی نے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے طبی مراکز میں ضروری ادویات کی دستیابی اور طبی عملے کی حاضری یقینی بنانے اور ضرورت پڑنے پر متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس کے انعقاد کے لیے پیشگی تیاریاں مکمل رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
درایں اثناء وزیر اعلی نے گزشتہ تین دنوں کے دوران بارشوں کی وجہ سے مختلف حادثات کے نتیجے میں صوبے کے مختلف علاقوں میں 24 قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور مال و املاک کو پہنچنے والے نقصانات پر دلی رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اس سلسلے میں یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ وزیر اعلی نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئےمتعلقہ ضلعی انتظامیہ کو زخمیوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلی نے جاں بحق افراد کے لواحقین اور دیگر متاثرین کے لئے مالی امداد کا اعلان کرتے ہوئے محکمہ ریلیف اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو متاثرین کی بروقت امداد کی فراہمی کے لئے ضروری کاروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلی نے ضلعی انتظامیہ کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے وہاں پر ہونے والے نقصانات کا خود جائزہ لیں، متاثرہ خاندانوں کو ریلیف کی فراہمی اور بحالی کے کاموں کی خود نگرانی کریں اور اس سلسلے میں صوبائی حکومت کو رپورٹس ارسال کریں۔ انہوں نے انتظامیہ کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ بارشوں کی وجہ سے فلیش فلڈز کے نتیجے میں بند رابطہ سڑکوں اور دیگر انفراسٹرکچرز کی بحالی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں اور اس مقصد کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ وزیر اعلی نے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت متاثرین کے ساتھ ہے، انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی اور ان کی بحالی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر وسائل فراہم کئے جائیں گے۔