نگران وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکا خیل نے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری اور انسپکٹر جنرل پولیس اخترحیات خان کے ہمراہ ہوم ڈیپارٹمنٹ میں قائم پراونشل الیکشن ورک سپیس کا دورہ کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ عابد مجید نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پراونشل الیکشن ورک سپیس الیکش میں انتظامی امور دیکھنے کے لیے 24 گھنٹے کام کررہا ہے اور لاجسٹک سپورٹ سمیت دیگر متعلقہ انتظامی امور کی نگرانی کر رہا ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مرکزی کنٹرول روم صوبہ بھر کے تمام اضلاع میں قائم ضلعی کنٹرول رومز کے ساتھ ہمہ وقت رابطے میں ہے اور سیکیورٹی، پولنگ سامان اور سٹاف کی موجودگی کی باقاعدہ نگرانی کی جا رہی ہے۔ایڈیشنل سیکرٹری عابد مجید نے بتایا کہ سیکیورٹی، پولنگ سامان اور سٹاف کی موجودگی کی نگرانی خصوصی ایپ کے ذریعے کی جا رہی ہے اورایپ کو آف لائن نظام سے بھی منسلک کیا گیا ہے،کسی بھی پولنگ سٹیشن پر اگر پولنگ کا عمل جزوی طور پر رکتا ہے تو ایپ ہی پر پولیس کوئیک ریسپانس فورس کو طلب کیا جا سکے گا۔انہوں نے کہا کہ پراونشل الیکشن ورک سپیس میں محکمہ اطلاعات، ہیلتھ، پولیس سمیت دیگر متعلقہ اہلکار ڈیوٹی پر موجود ہیں اور ہائی الرٹ ہیں۔