شندور پولو فیسٹیول کی فاتح ٹیم چترال اے ٹیم کے ارکان نے بدھ کے روز گورنر ہاؤس پشاور کا دورہ کیا اور گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی. گورنر خیبرپختونخوا نے فاتح ٹیم کو مبارکباد دی اور انکی محنت، لگن کو سراہا، ملاقات میں شندور اور چترال پولو گراونڈ میں عالمی معیار کی سہولیات فراہمی سے متعلق بھی گفتگو کی گئی ۔ اس موقع پر ٹیم منیجر میجر ولید اور ٹیم کے کپتان صوبیدار اسرار ولی نے گورنر خیبر پختونخوا کو ٹیم کی مجموعی کارکردگی سے آگاہ کیا اور چترال میں گھوڑوں کی دیکھ بھال اور علاج معالجہ کیلئے ہسپتال میں ضروری آلات و سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ملاقات میں پیپلزپارٹی اپر چترال کے ضلعی صدر سید شیر حسین بھی موجود تھے.
اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ شندور پولو فیسٹیول ملک بھر میں مقبولیت کا حامل تاریخی و ثقافتی ایونٹ ہے، شندور پولو فیسٹیول مقامی آبادی کے ساتھ دنیا بھر کے سیاحوں کیلئے خصوصی کشش رکھتا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان بالخصوص خیبرپختونخوا میں پولو کھیل کو عالمی سطح پر فروغ دینے کیلئے اقدامات اٹھانا ناگزیر ہیں، گورنر نے کہا کہ صوبہ میں کھیل کے فروغ اور نوجوان ٹیلنٹ کو سامنے لانے اور انکی سرپرستی کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہا ہوں، صوبہ کے امن اور صحت افزا معاشرے کیلئے نوجوانوں کو کھیلوں کےمیدان میں آگے لانا ہو گا، فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ چترال کی مقامی آبادی و مقامی نوجوان روایتی پولو کھیل میں انتہائی دلچسپی رکھتے ہیں. گورنر نے اس موقع پر فاتح ٹیم کے اراکین میں تعارفی شیلڈز بھی تقسیم کیں.