ڈرائیونگ لائسنس اور اسلحہ لائسنس کی اجراء میں تاخیر، آر ٹی ایس کمیشن برہم

رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن میں عوامی شکایات کی شنوائی ہوئی۔ کمیشن کے دو کمشنرز محمد عاصم امام اورذاکر حسین آفریدی نے شہریوں کے درخواستوں پر سماعت کی۔ ہری پور، مردان، نوشہرہ اور مانسہرہ سے شہریوں نے ڈرائیونگ لائسنس کی اجراء میں تاخیر کی شکایت کی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ کمیشن کے سامنے حاضر ہوئی، انہوں نے کمیشن کو بتایا کہ پرنٹنگ کارڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے ڈرائیونگ لائسنس تاخیر کے شکار ہیں۔ کمیشن نے برہمی کا اظہار کیا اور اگلی سنوائی پر ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ کو بذاتِ خود پیش ہونے کے احکامات جاری کیے۔ ساتھ ہی سیکٹری ٹرانسپورٹ کو شہریوں کے مسائل حل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ اسلحہ لائسنس کی اجراء میں تاخیر کی شکایات پر سیکش آفیسر اسلحہ برانچ کمیشن کے سامنے حاضر ہوئے،۔ کمیشن نے شکایت کرنے والے شہریوں کے لائسنس فوراً مہیا کرنے کے احکامات دئیے۔ ڈی آئی خان سے غلام سرور نے زمین کی حد براری کے لیے کمیشن سے رجوع کیا ہے۔ شہری نے کمیشن کو بتایا کہ ان کی زمین پر قبضہ کیا گیا ہے۔ مزکورہ شکایت کمیشن کے دائرہ اختیار سے باہر ہے، کمیشن نے شہری کو عدالت سے رجوع کرنے کا مشورہ دیا۔ ہری پور سے طاہر شاہ نامی شہری نے زمین کی حد براری کے لیے کمیشن سے رجوع کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ حد براری ہو چکی ہے لیکن اب غیر قانونی قبضے کا مسئلہ ہے۔ کمیشن نے ڈی سی ہری پور کو رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کی۔کمیشن نے سرکاری افسران کو عوام کی ضروریات کو مؤثر طریقے سے پورا کرنے اور خدمات کی فراہمی کے عمل کو بہتر بنانے پر زور دیا اور کہا کہ بنیادی خدمات کا حصول عوام کا حق ہے نا کہ ان پر حکومت کا احسان۔

مزید پڑھیں