خیبرپختونخوا میں کلائمیٹ ایکشن پلان کی مانیٹرنگ کے لئے آئی ٹی سسٹم کا اجراء

خیبرپختونخوا حکومت نے ماحولیاتی تحفظ کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے کلائمیٹ ایکشن پلان اینڈ مینجمنٹ سسٹم کے لئے آئی ٹی بیسڈ مانیٹرنگ کا نظام متعارف کرایا ہے۔ مانیٹرنگ کا یہ سسٹم محکمہ موسمیاتی تبدیلی، ماحولیات، جنگلات و جنگلی حیات میں قائم کیا گیا ہے اور اسے سسٹینیبل انرجی اینڈ اکنامک ڈیولپمنٹ (سیڈ) پروگرام کی تکنیکی معاونت سے تیار کیا گیا ہے۔اس نظام کا باضابطہ افتتاح سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا گیا، جس کی صدارت چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ نے کی۔ تقریب میں محکمہ ماحولیات، ادارہ تحفظ ماحولیات، سیڈ پروگرام اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔یہ جدید ڈیجیٹل نظام صوبائی سطح پر موسمیاتی تبدیلی کے اقدامات پر عمل درآمد، محکموں کے مابین روابط میں بہتری، اور شفاف، قابل عمل رپورٹس کی تیاری کے ذریعے فیصلہ سازی کے عمل کو مؤثر بنانے کے لئے تیار کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد موسمیاتی تبدیلی سے ہم آہنگ پالیسیوں پر مؤثر عملدرآمد اور ان کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنانا ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ نے موسمیاتی تبدیلی اور اس سے نمٹنے کے لیے فوری اور مربوط اقدامات کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے مؤثر پالیسی سازی اور ان پر عملدرآمد کے لئے ٹیکنالوجی اور مستند اور بروقت ڈیٹا کی فراہمی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ کلائمیٹ ایکشن پلان اینڈ مینجمنٹ سسٹم خیبرپختونخوا کی ماحولیاتی تحفظ سے جڑے ذمے داریوں پر عملدرآمد کی جانب ایک نمایاں پیش رفت ہے۔ یہ نہ صرف شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنائے گا بلکہ ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کی ہماری صلاحیت کو بھی مضبوط کرے گا۔یہ نظام خیبرپختونخوا کلائمیٹ چینج پالیسی 2022 پر عملدرآمد کے لیے تیار کیا گیا ہے اور یہ پاکستان کی قومی موسمیاتی پالیسی 2021 اور قومی سطح پر طے کردہ اہداف (این ڈی سیز) سے مکمل مطابقت رکھتا ہے۔

مزید پڑھیں