بڑھتی ہوئی آبادی ایک قومی چیلنج ہے، سب کو کردار ادا کرنا ہوگا: ملک لیاقت خان

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی، ملک لیاقت خان نے عالمی یوم آبادی کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آبادی میں بے تحاشا اضافہ ملک کی ترقی میں بڑی رکاوٹ بن رہا ہے۔ اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے ہمیں اجتماعی شعور بیدار کرنا ہوگا اور فیملی پلاننگ کو قومی ترجیح بنانا ہوگا۔تقریب میں صوبائی وزیر جیل خانہ جات ہمایون خان، سائنس و ٹیکنالوجی کے مشیر شفقت آیاز، رکن صوبائی اسمبلی انور زیب خان، صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پختونیار، صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سید قاسم علی شاہ، سیکرٹری پاپولیشن انیلہ محفوظ درانی، ڈی جی پاپولیشن ریحان گل خٹک، ایڈیشنل سیکرٹری بہبود آبادی عبداللہ، یو این ایف پی اے کے نمائندگان سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے۔ملک لیاقت خان نے کہا کہ“سٹنٹڈ گروتھ”کے شکار بچے نہ صرف صحت کے مسائل سے دوچار ہوتے ہیں بلکہ معاشرے پر بوجھ بنتے ہیں۔ اس مسئلے کا حل صرف والدین کی جانب سے اپنے وسائل کے مطابق بچوں کی پیدائش اور مناسب تربیت میں ہے۔ آبادی کنٹرول کرنا صرف حکومت نہیں بلکہ معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فیملی پلاننگ صرف ایک اختیاری عمل نہیں، بلکہ یہ آنے والی نسلوں کی فلاح اور ملک کے مستقبل کا ضامن ہے۔ ہمیں تعلیمی اداروں، میڈیا، علماء اور سول سوسائٹی کے تعاون سے عوامی آگاہی کی مہمات کو مزید مؤثر بنانا ہوگا۔تقریب سے سیکرٹری پاپولیشن انیلہ محفوظ درانی اور دیگر شرکاء نے بھی خطاب کیا اور بڑھتی ہوئی آبادی کے معاشی، سماجی اور صحت پر پڑنے والے اثرات پر روشنی ڈالی۔

مزید پڑھیں