وزیر مال خیبرپختونخوا کی زیر صدارت محکمہ ریونیو اینڈ اسٹیٹ کا ماہانہ کار کردگی جائزہ اجلاس

خیبرپختونخوا کے وزیر مال نزیر احمد عباسی کی زیر صدارت محکمہ ریونیو اینڈ اسٹیٹ خیبر پختونخوا کا ماہانہ جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ کی ماہانہ کار کردگی اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی پیش رفت کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ خیبر پختونخوا بشمول ضم اضلاع کے تمام متعلقہ پراجیکٹ ڈائریکٹرز نے شرکت کی اور اپنے منصوبہ جات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس کے دوران صوبائی وزیرنے تمام پراجیکٹ ڈائریکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ ہر منصوبے کے لیے ماہانہ اہداف مقرر کریں اور ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اہداف کے حصول کا ہر مہینے باقاعدہ جائزہ لیا جائے گا اور پیش رفت کا مستقل بنیادوں پر مشاہدہ کیا جائے گا۔انہوں نے ای-اسٹامپ پیپر کے حوالے سے ہدایت کی کہ چونکہ اس نظام کا نفاذ ہو چکا ہے، اس لیے اس کے دائرہ کار کو مزید وسعت دی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام کو اس جدید سہولت سے فائدہ پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو اس عمل میں تیزی لانے کی بھی تاکید کی۔وزیر ریونیو نے مزید کہا کہ جن منصوبوں میں کسی قسم کے رکاوٹیں یا مسائل درپیش ہیں، ان کے حل کے لیے مقامی عوام اور منتخب عوامی نمائندوں کو اعتماد میں لے کر فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ جاری ترقیاتی سرگرمیوں میں تسلسل برقرار رکھا جا سکے۔ وزیر مال نے کہا کہ تمام افسران اپنی ذمہ داریاں بروقت اور سنجیدگی سے نبھا ئیں تاکہ عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی ممکن ہو اور ریونیو سسٹم کو مزید شفاف اور موثر بنایا جا سکے۔

مزید پڑھیں