سوات کے باصلاحیت تائیکوانڈو کھلاڑیوں کو ایک لاکھ روپے کے اعزازی چیک، وزیر برائے لائیو سٹاک

خیبرپختونخوا کے وزیر برائے لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان نے سوات سٹی میئر شاہد علی خان کے ہمراہ سوات کا نام ملکی اور بین الاقوامی سطح پر روشن کرنے والے تین باصلاحیت تائیکوانڈو اسٹارزکھلاڑیوں عائشہ آیاز، محمد عامر اور عبداللہ کو ایک، ایک لاکھ روپے کے اعزازی چیک پیش کیے۔ تقریب مئیر سٹی کے دفتر میں ایک پروقار انداز میں منعقد ہوئی جس کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور ان کی کامیابیوں کو سراہنا تھا۔ صوبائی وزیر فضل حکیم خان نے اس موقع پر کہا کہ سوات کے یہ سپوت ہمارے فخر کا باعث ہیں اور حکومت خیبرپختونخوا نوجوانوں کی فلاح و ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور انہیں صحت مند معاشرے کا فرد بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارے معاشرے کا روشن مستقبل اور قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کے ٹیلنٹ کو ہم ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ سوات کے باصلاحیت نوجوانوں نے ہر میدان میں اپنی قابلیت کا لوہا منوایا ہے اور صوبائی حکومت ان کی ہر ممکن حوصلہ افزائی اور سرپرستی کرے گی۔سٹی میئر شاہد علی خان نے بھی کھلاڑیوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سوات کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت ہے جنہیں مزید مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

مزید پڑھیں