وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے مواصلات و تعمیرات محمد سہیل آفریدی نے قومی اسمبلی کے رکن شاہد خٹک اور صوبائی اسمبلی کے رکن جوہر محمد کے ہمراہ ایف سی ہسپتال شاہ کس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تیراہ میں فائرنگ سے زخمی افراد کی عیادت کی، ان کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔اس موقع پر محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ حکومت خیبر پختونخوا تیراہ واقعے کے متاثرین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور دکھ و تکلیف کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور تیراہ واقعے کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور مسلسل متعلقہ انتظامیہ سے رابطے میں ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے قبائلی عمائدین کا جرگہ بھی پشاور میں طلب کیا ہے، جہاں ان کے مسائل سنے جائیں گے اور پائیدار حل کے لئے مزید اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی فیصلے پر پہنچنے سے پہلے مقامی سطح پر عوامی شمولیت یقینی بنانے کے لئے جرگوں کے انعقاد کا سلسلہ بھی شروع کیا جارہا ہے۔معاونِ خصوصی نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام اور پائیدار امن یقینی بنانے کے لئے سیاسی ہم آہنگی کے تحت گزشتہ ہفتے آل پارٹیز کانفرنس بھی اسی مقصد کے لیے بلائی تھی، جس میں بدقسمتی سے بعض اپوزیشن جماعتوں نے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا حکومت متاثرہ افراد کے لئے مالی امداد کا اعلان کر چکی ہے اور اس مشکل وقت میں حکومت ہر متاثرہ خاندان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔