وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز نے پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے صدر و چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی جنید اکبر خان سے اُن کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ایم این اے اصغر علی اور ایم پی اے ملک عدیل بھی موجود تھے۔ملاقات میں ملک کی بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال، 5 اگست کے احتجاج کی حکمت عملی، اور بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں جاری حقیقی آزادی کی تحریک کو مزید مؤثر اور منظم انداز میں آگے بڑھانے پر تفصیلی مشاورت ہوئی۔ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ چیئرمین عمران خان پاکستان کے عوام کی آواز اور ان کی امید کا مرکز ہیں۔ اُن کی قیادت میں قوم نے حقیقی آزادی کا شعور حاصل کیا ہے، اور اب ہر کارکن پر لازم ہے کہ وہ اس تحریک کو اگلے مرحلے تک لے جانے میں اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی قیادت میں صوبائی حکومت نہ صرف آئینی اور جمہوری بنیادوں پر قائم ہے بلکہ پارٹی منشور کے مطابق عوام کی فلاح و بہبود، ترقی، اور سیاسی خودمختاری کے لیے بھی بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ڈاکٹر شفقت ایاز نے مزید کہا کہ پانچ اگست کا احتجاج ملک کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ہو گا، جس میں خیبرپختونخوا بھر سے کارکنان بھرپور شرکت کریں گے اور یہ پیغام دیں گے کہ قوم عمران خان کے بیانیے کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے پارٹی صدر جنید اکبر خان کی تنظیمی کاوشوں اور کارکنان سے مسلسل رابطے کو سراہا اور کہا کہ پارٹی کی ضلعی و تحصیل سطح پر مضبوطی کے لیے یہی تسلسل درکار ہے۔