عوامی مسائل کا فوری حل ہماری اولین ترجیح ہے، دفتر ہر وقت عوام کے لیے کھلا ہے: ڈاکٹر شفقت ایاز

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز نے اپنے دفتر میں حلقہ انتخاب سے آئے ہوئے عوامی وفد سے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں انصاف یوتھ وِنگ ملاکنڈ کے نائب صدر ناصر خان، جنرل سیکرٹری شعیب اور دیگر ساتھی شامل تھے۔ڈاکٹر شفقت ایاز نے وفد کے مسائل اور تجاویز کو نہایت توجہ سے سنا اور موقع پر موجود متعلقہ افسران کو فوری، شفاف اور مؤثر اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا فوری حل تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیح ہے، کیونکہ یہی عمران خان کے عوامی خدمت کے نظریے کی بنیاد ہے — ایک ایسی ریاست جہاں حکمران طبقہ عوام کا خادم ہو، ان کے مسائل میں شریک ہو اور ہر شہری کو اس کی دہلیز پر انصاف اور سہولت میسر ہو۔ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی قیادت میں صوبائی حکومت اسی وژن کو عملی شکل دے رہی ہے جس کی بنیاد بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے رکھی۔ یہی وجہ ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت ہر سطح پر عوامی مسائل کے حل، شفاف طرزِ حکمرانی اور عام آدمی کو بااختیار بنانے کے لیے بھرپور جدوجہد کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کا دفتر عوام کے لیے ہر وقت کھلا ہے، اور وہ خود ہر وقت عوامی خدمت کے لیے موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کا پیغام ہے کہ عوامی نمائندہ صرف الیکشن کے دنوں میں نظر نہ آئے بلکہ روزمرہ کی زندگی میں عوام کے ساتھ رہے، ان کے دکھ درد کو سمجھے اور اپنی ذمہ داری کو عبادت کا درجہ دے۔ڈاکٹر شفقت ایاز نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے مسائل کو نظرانداز کرنا حکومت کی پالیسی نہیں، بلکہ ہم عوام کے اعتماد کو اپنی سب سے بڑی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انشاء اللہ ہر مسئلے کا حل نکالا جائے گا اور عوامی خدمت کا سفر مزید تیزی سے جاری رکھا جائے گا۔

مزید پڑھیں