محکمہ مواصلات و تعمیرات خیبرپختونخوا کے تحت اہم اجلاس – انفراسٹرکچر مسائل اور منصوبہ جاتی اصلاحات زیرغور

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے مواصلات و تعمیرات، محمد سہیل آفریدی کی زیرصدارت محکمانہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری مواصلات و تعمیرات محمد اسرار، مینجنگ ڈائریکٹر انجینئر سہیل ادریس، چیف انجینئرز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں مرکزی ڈیزائن آفس کی پیش کردہ تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی گئی جس میں ادارے کی موجودہ کارکردگی، بنیادی ڈھانچے کی کمزوریاں، اور اصلاحات کے لیے مجوزہ اقدامات زیر بحث آئے۔ اجلاس کے دوران مختلف اضلاع بالخصوص سوات میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات، تباہ شدہ پلوں، سڑکوں کی مرمت اور بجٹ کے مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ چیف انجینئرز نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ موجودہ حالات میں ڈیزائن اور تعمیراتی منصوبوں کے لیے درکار وسائل کی شدید ضروت ہے۔ سڑکوں اور پلوں کی بروقت مرمت کے لیے فنڈز کی عدم فراہمی سے ترقیاتی کاموں میں تاخیر ہو رہی ہے۔ معاونِ خصوصی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام متاثرہ انفراسٹرکچر کا تفصیلی سروے کر کے ترجیحی بنیادوں پر مرمتی منصوبے تیار کیے جائیں۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل اور بنیادی ڈھانچے کی بحالی کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ اجلاس میں سنٹرل ڈیزائن آفس کو جدید خطوط پر استوار کرنے، سرویئنگ اور واٹر ٹیسٹنگ یونٹس کے قیام، انجینئرز اور آرکیٹیکٹس کی پیشہ وارانہ تربیت، اور ڈیزائن سافٹ ویئر کی فراہمی جیسے اقدامات پر بھی اتفاق رائے پایا گیا۔ معاونِ خصوصی محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات خیبرپختونخوا کو مالی اور انتظامی خودمختاری کے ساتھ ایک مضبوط ادارہ بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ ترقیاتی منصوبے بہتر طریقے سے مکمل کیے جا سکیں۔

مزید پڑھیں