ضم اضلاع میں امن و ترقی کے لیے جرگوں کے انعقاد اور دہشتگردی کے خاتمے کا عزم۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا، جس میں ضم اضلاع سمیت صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری، چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، آئی جی پولیس ذوالفقار حمید، مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف، اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام شریک ہوئے، جبکہ ضلع باجوڑ، خیبر اور شمالی وزیرستان سے ارکانِ اسمبلی کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔ اجلاس کے دوران شرکاء کو سیکیورٹی چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، اور دہشتگردی کے خلاف مربوط، مؤثر اور بااعتماد اقدامات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سول انتظامیہ، پولیس، سکیورٹی فورسز اور انٹیلیجنس اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ دہشتگردی جیسے ناسور کا جڑ سے خاتمہ ممکن ہو سکے۔ اجلاس کے بعد اپنے ویڈیو پیغام میں وزیراعلیٰ علی امین خان گنڈاپور نے خیبرپختونخوا کے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدامنی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، اور حکومت، عوام اور اداروں کو مل کر امن قائم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن ممالک پاکستان میں بدامنی پھیلانے کے درپے ہیں، اور دہشتگرد انہی کے آلہ کار ہیں۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ دہشتگرد آبادیوں میں پناہ لے کر عوام اور فورسز کے درمیان فاصلے پیدا کرنا چاہتے ہیں، لیکن حکومت عوام کے تعاون سے ان کو ناکام بنائے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولتکاروں کی نشاندہی کریں کیونکہ یہ نہ صرف قانون بلکہ دینی اور اخلاقی ذمہ داری بھی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ 2 اگست سے ڈویژنل سطح پر جرگوں کا آغاز کیا جا رہا ہے، جن میں مقامی مشران، سیاسی قائدین اور سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے گی۔ اس عمل کے بعد ایک گرینڈ جرگہ ہوگا جس میں امن کے قیام کے لیے ٹھوس لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے معدنی وسائل عوام کی ملکیت ہیں اور ان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ جھوٹے بیانیے پھیلانے والے عناصر کی نشاندہی کر کے ان کو بے نقاب کرنا ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا
“ہماری حکومت، ہماری افواج اور ہمارے عوام ایک پیج پر ہیں۔ دہشتگردی کے خاتمے کی یہ جنگ ہم سب نے مل کر لڑنی ہے اور اللہ کی مدد سے ہم یہ جنگ جیت چکے ہیں۔

مزید پڑھیں