وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن طفیل انجم نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو مارکیٹ بیسڈ روزگار کی فراہمی اور انکی فنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے اہم اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیکریٹری انڈسٹری کمیٹی روم میں KP-REP پر پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ہے ۔ اجلاس میں سیکرٹری انڈسٹری صنعت و فنی تعلیم مسعود احمد ، ایم ڈی ٹیوٹا پروجیکٹ مینیجرKPREP امجد معراج ودیگر نے شرکت کی ہے۔اجلاس میں ایم ڈی کے پی ٹیوٹا نے فورم کو KPREP کے دو ذیلی اجزاء یعنی سٹار اپ کیپٹل برائے خود روزگار اور جاب مارکیٹ انٹیگریشن کی پیشرفت کے بارے میں تفصیلی بریفننگ دی ۔ فورم نے KPTEVTA کی اب تک کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور منصوبے پر بروقت عملدرآمد کے لیے انٹرویو اور درخواست گزار کی جانچ پڑتال کے عمل کو تیز کرنے پر زور دیا ۔ اجلاس میں ایم ڈی کے پی ٹیوٹا نے منصوبے کے نفاذ میں درپیش بنیادی مسائل اور چیلنجز پر بھی روشنی ڈالی ہے۔ وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی نے کہا کہ چھوٹے مسائل کو مشترکہ طور پر حل کیا جا سکتا ہے جبکہ بڑے مسائل کو مناسب فیصلوں کے لیے آئندہ اجلاس میں پراجیکٹ سٹیئرنگ کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ معاون خصوصی نے اس بات پر زور دیا کہ TEVT کا شعبہ نوجوانوں کو مارکیٹ سے متعلقہ مہارتوں سے آراستہ کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، اس طرح تعلیم اور روزگار کے درمیان فاصلے کو ختم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ تربیت اور ملازمت کے تجربے سے روزگار میں اضافہ ہوتا ہے جبکہ خود روزگار کے لیے گرانٹس انٹرپرینیورشپ کو فروغ دیتے ہیں بے روزگاری کو کم کرتے ہیں اور مقامی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔