ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ ابتدائی وثانوی تعلیم خیبر پختونخوا فیاض عالم نے ضلع لوئر دیر کا ایک روزہ دورہ کیا۔خیبر پختونخوا حکومت کے ہدایات پر انہوں نے گرمائی تعطیلات کے اختتام پر گورنمنٹ سینٹینل ماڈل ہائی سکول تیمرگرہ لوئر دیر میں طلبہ کو خوش آمدید کہا اور تعلیمی سرگرمیوں کے دوبارہ آغازپر سکول میں منعقدہ اسمبلی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈسٹر کٹ ایجوکیشن آفیسر میل عنایت اللہ، ڈپٹی ڈی ای او فیاض الدین، سکول کے پرنسپل راحت اللہ، اساتذہ کرام اور سکول کے طلبہ بھی موجود تھے۔ ایڈیشنل سیکرٹری فیاض عالم نے گرمائی تعطیلات کے اختتام پر تعلیمی سرگرمیوں کے پہلے دن سکول میں حاضر ہونیوالے طلبہ میں تحائف اور مٹھائیاں تقسیم کی اور اس کے علاوہ میٹرک امتحانات میں کامیاب ہونیوالے طلبہ کو ہارپہنائے گئے۔اسمبلی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ ابتدائی وثانوی تعلیم فیاض عالم نے گورنمنٹ سینٹینل ماڈل ہائی سکول تیمرگرہ لوئر دیر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ سکول حقیقی معنوں میں ایک ماڈل سکول ہے اور یہ سکول معیار ی تعلیم کی فراہمی کیلئے بنا ہے اور معیار ی تعلیم کے فروغ میں سینٹینل سکول تیمرگرہ کا اہم کردار ہے۔اس بات کا واضح ثبوت اس کی انرولمنٹ اور حالیہ میٹرک امتحانات میں شاندار نتائج ہے۔میٹرک امتحانات میں اس سکول کے شاندار نتائج اساتذہ کی شفقت اور طلبہ کی محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سکول کی مزید کامیابی کیلئے صوبائی حکومت اور محکمہ ابتدائی وثانوی تعلیم ہر قسم کی مدد جاری رکھے گا۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ محنت کرکے ساری توجہ تعلیم پر مرکوز کریں اور اپنی قابلیت اور صلاحیتوں سے ملک و قوم کا نام روشن کریں کیونکہ دنیا میں باوقارمقام حاصل کرنے کیلئے تعلیمی شعبے کی ترقی انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے جدید دور میں صرف وہی اقوام ترقی کی منازل طے کرسکتی ہیں جو علم و دانش کے خزانوں سے لیس ہو۔انہوں کہاکہ تعلیم ہر انسان کا بنیادی حق ہے کیونکہ تعلیم ہی انسان کو معاشرے کا ایک مفید اور کارمد شہری بناتاہے انھوں نے کہاکہ ترقیاتی یافتہ ملکوں کے ترقی ا ور کامیابی کا راز تعلیم ہے اور تعلیم کے بغیر دنیا میں ترقی اور کامیابی کا حصول ناممکن ہے۔انہوں نے طلبہ سے کہا کہ وہ خیبر پختونخوا حکومت اور محکمہ ابتدائی وثانوی تعلیم کے ہدایات کی روشنی میں آپ کو تعلیمی سرگرمیوں کے دوبارہ آغازپر خوش آمدید کہنے کیلئے آئے ہوئے ہیں۔ بعد ازاں ایڈیشنل سیکرٹری نے گورنمنٹ سینٹینل ماڈل ہائی سکو ل تیمرگرہ کے مختلف لیبارٹریوں کا دورہ کیا اور دستیاب سہولتوں کا جائزہ لیا۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عنایت اللہ اور سکول پرنسپل راحت اللہ نے سکول کے مسائل کے بارے میں ایڈیشنل سیکرٹری کو بریفنگ دی۔